پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی رشتے مشترکہ عقیدہ، ثقافت، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط میں جڑے ہوئے ہیں‘ دونوں ملکوں کو مختلف سطحوں پر دوروں کے مسلسل تبادلوں کے ذریعے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے‘ ای سی او کے مقاصد کے فروغ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

بدھ 1 مارچ 2017 23:05

پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی رشتے مشترکہ عقیدہ، ثقافت، اقتصادی ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے مقاصد کے فروغ کیلئے ایران کے کردار کی تعریف کی ہے۔ بدھ کو یہاں ای سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی کے باہمی جذبات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تاریخی رشتے مشترکہ عقیدہ، ثقافت، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مختلف سطحوں پر دوروں کے مسلسل تبادلوں کے ذریعے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ پر زور دیا۔ ایرانی صدر نے ای سی او کو تعاون کے ایک علاقائی فورم کے طور اجاگر کرنے کی اہمیت بیان کی اور اسلام آباد میں اس کے 13ویں سربراہ اجلاس کے انعقاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جس سے خطہ میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے میں بڑی مدد ملے گی۔ ایک سال کی کم مدت میں ایرانی صدر کا یہ دوسرا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے باہمی خواہش کا عکاس ہے۔