کابل میں پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملہ،16افراد ہلاک، 35زخمی ،طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

ہلمند میں طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی بمباری،20شدت پسند مارے گئے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دی،دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا،دوسرے حملے میں ایک پیدل خودکش حملہ آور نے خود کو مشرقی کابل میں واقع انٹیلی جنس کے دفتر کے باہر خود کو اڑا دیا،نائب ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش

بدھ 1 مارچ 2017 23:01

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 16افراد ہلاک اور 35زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند مارے گئے۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میں پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 16افراد ہلاک اور 35زخمی ہوگئے ،طالبان نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دی۔نائب ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

(جاری ہے)

دوسرے حملے میں ایک پیدل خودکش حملہ آور نے خود کو مشرقی کابل میں واقع انٹیلی جنس کے دفتر کے باہر خود کو اڑا دیا۔

پبلک ہیلتھ منسٹری کے ترجمان اسماعیل خواسی کا کہناہے کہ حملوں میں 16افراد ہلاک اور35کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند ہلاک ہوگئے۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی کاروائی ضلع خانشین میں کی گئی جس میں طالبان کے ایک ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 20جنگجو مارے گئے۔بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں شدت پسندوں کی منشیات بھی تباہ ہوگئی۔فضائی کاروائی کے بار ے میں مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں کہ یہ کاروائی افغان فضائیہ نے کی یا امریکی فورسز نے کی۔