امریکی سرمایہ کاروں کی صوبہ میں دلچسپی خوش آئند ہے ‘ گورنر سندھ

بدھ 1 مارچ 2017 22:53

امریکی سرمایہ کاروں کی صوبہ میں دلچسپی خوش آئند ہے ‘ گورنر سندھ
کراچی ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں، مشترکہ سرمایہ کاری سے خطہ میں بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی ، وقت کے ساتھ پاک امریکہ تعلقات میں اتار چڑھائو کے باوجود دونوں ممالک فطری اتحادی ہیں، صوبہ سندھ میں امریکی پروگرام یو ایس ایڈ خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں غریبوں کے لئے موثر ثابت ہو رہا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں امریکہ کی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو شیلٹن سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعدا د صوبہ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے ، صوبہ میں توانائی ، زراعت ، انفرا اسٹرکچر، ڈیویلپمنٹ سمیت دیگر شعبے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پر کشش حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطہ میں نئے دور کا آغاز کرے گا کئی ممالک کی سی پیک میں شمولیت کی خواہش نے منصوبہ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے، منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان سمیت خطہ میں بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ یقینی ہے جبکہ وزیر اعظم بھی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اس ضمن میں میگا پروجیکٹس بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی کی بھرپور استعداد عالمی معاشی نقشہ پر اس کی نمایاں حیثیت کو یقینی بنا دے گی اس ضمن میں امریکہ کے سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے سرمایہ کاری کریں جس سے فوری منافع یقینی ہے۔ اس موقع پر امریکہ کی قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو بتا یا کہ پاکستان پر امن ملک بن کر ابھر رہا ہے بہت جلد معاشی خوشحالی سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے اس ضمن میں امریکہ کے سرمایہ کار بھی صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :