ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے ،سیدمرادعلی شاہ

عوام کو یہاں سڑکیں ، اسپتال ، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات شہر کی بنیاد پر فراہم کرینگے،وزیر اعلی سندھ

بدھ 1 مارچ 2017 22:49

ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے ،سیدمرادعلی شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے یہ ضلع ہماری شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو نے بنایا تھا اس لئے ہم اس ضلع کی ترقی کے لئے پارٹی قیادت کے حکم پر خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیںاور ہم عوام کو یہاں سڑکیں ، اسپتال ، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات شہر کی بنیاد پر فراہم کرینگے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روزضلع ملیرکے طوفانی دورے جو آسو گوٹھ سے شروع ہو کر دنبہ گوٹھ میں ختم ہوا میں مختلف صحت کے مراکز کا افتتاح کرتے ہوئے عوام اور میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہینڈز کی جانب سے منعقد ہونے والی مراد میمن گوٹھ میں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال 48 ملین روپوں کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور یہ ہسپتال 36 بستروں پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ پاکستان میں صحت کے سرکاری مراکز میں معیاری صحت کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہے جو پسماندہ علاقوں میں 20 فیصد بنیادی صحت مراکز اور 46 فیصد رورل ہیلتھ سینٹر کی10 سے 20کلومیٹر کے فاصلے پر رہائش پذیر ہوں۔انہوںنے کہا کہ ملک میں 10 میں سے ایک بچے کو اپنی پانچویں سالگر ہ دیکھنا نصیب نہیں ہوتی ہے اور45 فیصد بچے غذائی کمی کے باعث چھوٹے قد کا شکار ہوجاتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ صحت نے معیاری سہولیات مہیا کر نے کیلئے تکنیکی و انتظامی امور غیر سرکاری تنظیموں کو دینے کا فیصلہ کیا۔انہوںنے مزید کہا ہینڈ ز اور محکمہ صحت کے درمیان سندھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت معاہدہ ہوا ہے اور اس منصوبے کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات مل سکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ مسئلوں کا حل باہر سے نہیں آئے گا مسئلوں کا حل سب کو مل کر ڈھونڈنا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ نصب العین ہے کہ ہم نے لوگوں کی خدمت کرنی ہے ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹواور محترمہ بینظیر بھٹو نے یہ ہی سکھایا ہے او ر ہم لوگوں کی خد مت کرنے کے لئے حا ضر ہیں جہاںکوتاہی ہو گی ہمیں بتائیں لیکن جو اچھے کام ہم کر رہے ہیں ان میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم جلد سے جلد معاملات کو ٹھیک کر سکیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ بنیادی سروے کروانے کے لئے ایک بیرونی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی تھی جس نے 38صحت مراکز کا سروے کیا اور انکی سروے رپورٹ میں ان صحت مراکز میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان اور ان مراکز کے بارے میں بہت ہی مایوس کن صورتحال کی نشاندہی کی گئی جس میں ان صحت کے مراکز میں عملہ کی حاضری 568عملے میں سے صرف 36.6فیصد تھی، کوئی آپریشن تھیٹر موجود نہیں تھا اور نہ ہی بچوں کے انتہائی دیکھ بھال کے مرکز کا وجود تھا ، قانونی بجلی کے کنیکشن صرف 8مراکز صحت میں میسر تھے، صرف 6میں پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی اور صرف 2میں گیس کنیکشن کی سہولیات تھیں۔

ان اسپتالوں میں صرف ایک جگہ ٹیلی فون کنیکشن اور صرف 3مراکز میں ویل چئیرز اور اسٹریچر موجود تھے ، ایک میں جنریٹر اور اور ایک پر سائن بورڈ موجود تھا ، آدھی سے زائد سہولیات میں چاردیواری کا نام و نشان بھی نہ تھا ۔ آدھے سے زائد اسپتالوں کے ٹوائلٹ قابل استعمال نہیں تھے۔ ، 3ایمبولینسیں کام کر رہی تھی ،خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات صرف 5جگہ موجود تھی۔

اور ایک بھی الٹر سائونڈ ایکسرے مشین موجود نہیں تھی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزراء جام خان شورو، ڈاکٹرز سکندر میندھرو ، امدا د پتافی اور ملیر کے ایم پی اے ساجد جوکھیو ، چیف ہینڈ غفار بلو اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے دنبہ گوٹھ میں زیر تعمیر محترمہ شہید بے نظیر بھٹو ریہیبیلی سینٹرفار برنس اینڈ ریپ سروائیورکا جائزہ لیااور کہا مجھے خوشی ہے کہ 22سال قبل میرے والد کے ہاتھوں سنگ بنیاد ر کھا جانے والے سینٹر کا افتتاح ہو گیا ہے ۔

ا نہوںنے کہاکہ سینٹرمیں پانی اور بجلی نہیں ہے وہ بھی سہولیا ت فراہم کریں گے اور ضلع ملیر میں واٹر بورڈکی ڈویژن بنا دی ہے جو پانی کی بڑی اسکیم شروع کرر ہی ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ پورے سندھ کے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ سیہون شریف میں درگاہ لعل شہباز قلندر میں بجلی کی بندش کے معاملے پر وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے اور دھمال کے دن لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پورے سندھ سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ۔ایک صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے سوال کیا کہ وزیرصحت ڈاکٹر سکندر میندرو اپنے دفتر میں نہیں بیٹھتے اور عوام کو سہولتیں نہیں ملتیں اس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ میں اتفاق نہیں کرتا صوبائی وزیر صحت پورے سندھ کے ہسپتالوں کا دورہ کررہے ہیں ۔ انہوںنے مزید کہاکہ برنس ہسپتال میٹر نٹی ہوم تھاجس کو اپ گریڈ کرکے برنس سینٹر بنایا گیا ہے،یہ ہسپتال جنرل ہسپتال کے طور پر کام بھی کررہا ہے،اس ہسپتال کا میٹر نٹی ہوم اچھی مشینری سے لیس ہے اور مریضوں کی بھر پور خدمات کررہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے ہسپتال میں مزید ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف دینے کا بھی اعلان کیا۔#

متعلقہ عنوان :