ملک میں جاری دہشت گردی میں بھارت اور افغانستان پر ملوث ہیں،رحمت خان وردگ

نیشنل ایکشن پلان پر صیح طورپرعمل نا ہونے کی وجہ سے ملک دشمنوں کو پھر سے موقع ملا، صدرتحریک استقلال بیان

بدھ 1 مارچ 2017 22:23

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردی بھات اور افغانستان امریکہ کے سرپرستی میں کروا ر ہے ہیں جس کی تحریک استقلال شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ملک میں جاری دہشت گردی میں بھارت اور افغانستان مکمل طور پر ملوث ہیں ۔آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردی میں کافی حد تک کمی آئی تھی لیکن بدقسمتی سے نیشنل ایکشن پلان پر صحیح طور پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ملک دشمنوں کو پھر موقع ملا ہے اور دہشت گردی کی ایک نئی لہر پیدا کرا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد وں کو تیار کر وا کر پاکستان بھجواتا ہے اور پاکستان میں بے گناہ عوام کا قتل عام کر وا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کا مکمل طور پر سہولت کار ہے اور وہی دہشت گردوں کو ہر طرح کی امداد دے رہا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک کے دوسرے علاقوں میں جہاں دہشت گرد مارے گئے اسی طرح شمالی وزیرستان میں روپوش دہشت گرد وں نے آپریشن کی اطلاع ملتے ہی بروقت اپنے ٹھکانے تبدیل کر لئے اور وزیر ستان سے نکل کر بحفاظت افغانستان کے سرحدی علاقوں میں مقیم ہو گئے ، جہاں انہیں امریکہ کی سرپرستی میں افغان اور بھارتی امداد میسر ہوئی۔

رحمت خاں وردگ نے مزید کہا کہ حافظ سعید کی گرفتاری میں حکومت نے بھارت اور امریکہ کو خوش کیا ہے جس کی تحریک استقلال شدید مذمت کرتی ہے۔ ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام سیاستدانوں کو ملکر متحد ہونا چاہئے تاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ سکیں۔ تحریک استقلال آپریشن ردالفساد کی مکمل حمایت کر تی ہے۔ملک میں آگ بھڑکانے والے بھارتی کارندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ان کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔انہوںنے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ پارلیمنٹ اور سینٹ میں ایسے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو بھارت اور افغانستان کے حق میںتقاریر کرتے ہیں جن کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :