وزیر اعظم پاکستان اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہیں،محمد زبیر

ملک کے اقتصادی حب کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر ابھارنے کے لئے بھرپور اقداما ت بروئے کار لائے جارہے ہیں،خطاب

بدھ 1 مارچ 2017 21:50

وزیر اعظم پاکستان اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہیں،محمد زبیر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہیں باالخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر ابھارنے کے لئے بھرپور اقداما ت بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ میں تعلیم یافتہ تجربہ کار کم اجرت ہیومن ریسوس کی بڑی تعداد میں موجودگی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت رکھتی ہے ۔

ان خیا لات کا اظہا ر انہوں نے فارن سروسز اکیڈمی کے تحت غیرملکی سفارت کاروں کے لئے منعقدہ 25 ویں ایڈوانسڈ ڈپلومیٹک کورس کے 37 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میںخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفد کی سربراہی فارن سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرامز سجاد حید ر خان کررہے تھے ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال ، ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات اوران میں مزید اضافہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، دنیا کو پرامن بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان بھی اٹھانا پڑا اور یہ نقصان آج بھی جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ،منصوبہ کی تکمیل تیزی سے جاری ہے جس کے بعد پاکستان میں صنعتی ، معاشی ، اقتصادی و سماجی انقلاب برپا ہو جائے گا جس سے غربت اور بے روزگاری کا بھی خاتمہ یقینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سفارت کاراپنے ملک کا چہرہ ہوتے ہیں ان کی کارکردگی سے ہی ملک پہچانا جاتا ہے بین الاقوامی تعلقات کے نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سفارت کاروں کو مسلسل تربیت فراہم کرنا نہایت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کورسز سے سفارت کار وں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے ۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ سے صوبہ کی جاری سیاسی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں ، امن و امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات ،گورنر کے آئینی کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کے گورنر سندھ نے فرداً فرداً تفصیل سے جوابات بھی دیئے ۔ فارن سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرامز سجاد حید ر خان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ فارن سروسز اکیڈمی پاکستان کے تحت منعقد ہونے والے اس کورس کا دورانیہ 6 ہفتہ ہے اور اس میں 35 ممالک کے سفارت کار شریک ہیں

متعلقہ عنوان :