سرگودھا،سگریٹ کی فروخت کے خلا ف بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ

عملدرآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کر دی گئیں

بدھ 1 مارچ 2017 21:48

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء)سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں سگریٹ کی فروخت کے خلا ف بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ، عملدرآمد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ امپلی مینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کر دی گئیں، ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے ’’ٹوبیکو فری سٹی‘‘کے تحت خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز سیکرٹری پرائمری وسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کی طرف سے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں عملدرآمد اور نگرانی کے لئے سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016کے تحت مستقل کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاجس میں ہیلتھ، ایجوکیشن ،سوشل ویلفیئر ، پولیس اور این جی اوز کے نمائندے ممبران ہونگے، یہ کمیٹیاں بالخصوص ہسپتالوں، تعلیمی اداروں کے اطراف اور اہم پبلک مقامات کو’’ ٹوبیکو فری زون ‘‘بنانے کیلئے بڑے بڑے بورڈز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ بھرپور آگاہی مہم چلائیں گی،اس کے علاوہ ٹوبیکو قوانین کے تحت انسدادی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، ضلعی سربراہان کو اس حوالے سے عملدرآمد کا فوری آغاز کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔