دشمن کی پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی مذموم کوششیں ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں، وفاقی وزیربرجیس طاہر

بدھ 1 مارچ 2017 21:16

دشمن کی پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی مذموم کوششیں ناکامی سے ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی تمام تر مذموم کوششیں ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او سمٹ کا پاکستان میں کامیاب انعقاداس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان سفارتی سطح پر ایک مضبوط پوزیشن رکھتا ہے اور اس سمٹ کے کامیاب انعقاد، پاکستان کی خطہ میں اہمیت اور اس کی Strategic location کی بھی اہمیت کا بھی کھلا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطہ کا درجنوں ممالک کیلئے انتہائی اہمیت کا حا مل بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس خطہ کے اربوں افراد کو مستفید کرنے کیلئے کئی ممالک سی پیک منصوبے کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطہ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باعث پاکستان کے دُشمن سخت بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں اور وہ شر پسند عناصر اور دہشت گردوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد کا فیصلہ انتہائی خوش آئندہ ہے اور یہ دہشت گردوں اور ان کے ہینڈلرز اور سہولت کاروں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے عوام،حکومت اور سیکیورٹی ادارے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہر گز کامیاب نہ ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اوڑی حملے ڈرامے کے الزام میں گرفتار پاکستانی نوجوان بے گناہ ثابت ہونے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر درحقیقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کو دنیا سے چھپانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطہ میں دیرپا امن کسی صورت میں قائم نہیں ہو سکتا۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ بھارت کے بارہا الزامات غلط ثابت ہونے سے دُنیا یہ جان چکی ہے کہ درحقیقت بھارت خطہ میں قیام امن کی کوششون میں مخلص نہیں ہے بلکہ حالات کو مزید کشیدہ کرنے کیلئے پاکستان میں انتشار کی سازشیں اور آبی جارحیت جیسے اقدامات میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حقوق کی آواز دُنیا کے ہر فورم پر بلند کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :