ای سی او سربراہ اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے رکن ممالک میں تجارت، توانائی ، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا

وزیراعظم محمد نواز شریف کا تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

بدھ 1 مارچ 2017 21:04

ای سی او سربراہ اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے رکن ممالک میں تجارت، ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کیلئے علاقائی رابطوں کی بنیاد قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ 13ویں ای سی او سربراہ اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے تجارت، توانائی ، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں رکن ممالک میں تعاون بڑھانا ہوگا۔ وہ بدھ کو یہاں تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔

یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد میں تاجک صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان امن، خوشحالی اور ترقی کے رشتے پر مشتمل قریبی دوستانہ تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور پر دیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان میں حالیہ خراب موسم کی وجہ سے انفراسٹرکچر کی تباہی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاجک صدر کو آگاہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تاجکستان کے عوام کیلئے پاکستان پچاس کروڑ روپے کی امداد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے معاشی شعبہ میں اب تک کے اہداف میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا بالخصوص کاسا 1000 منصوبہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تاجک صدر نے پاکستان کی جانب سے چارملکی ٹرانزٹ ٹریفک معاہدہ کی اصولی منظوری میں پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور رابطوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 13ویں ای سی او سربراہ اجلاس کے انعقاد اور پرتپاک میزبانی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاست، تجارت، توانائی اور دفاع سمیت ہر شعبہ میں تعلقات مزید مستحکم بنائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :