شہباز بھٹی نے حق کی آواز بلند اور انسانی حقوق کا پرچار کرتے ہوئے شہادت پائی‘خلیل طاہر سندھو

مسیحی قوم اور تمام اقلیتی برادری ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات کو تاقیامت یاد رکھے گی‘صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق

بدھ 1 مارچ 2017 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ عظیم اقلیتی رہنماء شہباز بھٹی نے حق کی فتح،انسانیت کی بھلائی اور انسانی حقوق کا پرچار کرتے ملک کیلئے شہادت پائی۔مسیحی قوم اور تمام اقلیتی برادری ملک و قوم کیلئے جان کا نذرانہ دینے اور ان کی گراں قدر خدمات کو تاقیامت یاد رکھے گی۔

سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہبازبھٹی کی چھٹی برسی کے موقع پر اقلیتی برادری کے نام اپنے پیغام میں خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ شہباز بھٹی آج ہی کے دن( 02مارچ2011) وطن کیلئے فرائض کی ادئیگی کے دوران سفاک دہشت گردوں کی گولیوں کی بوچھار کا نشانہ بنے تھے۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ تما م اقلیتی برادری شہباز بھٹی کے اس احسان کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی کہ جن کی انتھک کوششوں کی بدولت تمام سرکاری محکموں اور اداروں میں اقلیتوں کیلئے ملازمتوں کے لازمی پانچ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد ممکن ہو سکا تھا،یہ شہباز بھٹی مرحوم کی شب و روز محنت کا ہی ثمر ہے کہ آج اقلیتی نوجوان مرد اور خواتین ایڈمنسٹریٹو،عدلیہ،پولیس ،انکم ٹیکس اور تمام اہم عہدوں پر اس مخصوص کوٹہ سے فیض یاب ہو کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز بھٹی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسیحی برادری آج بھی ملک و قوم کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہی ہے اور سینکڑوں مسیحی مرد،عورتیں اور بچے یوحنا آباد اور گلشن اقبال اور دیگر واقعات میں دہشت گردوی کا نشانہ بن چکے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اور پوری مسیحی برادری شہباز بھٹی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور ملک و قوم کی خدمت اور سچ کی سربلندی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :