ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،اپنی صلاحیت منوانے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں،اقبال جھگڑا

پروفیشنل اداروں میں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ تحقیقی سہولیات میں بہتری لاکر بہتر مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 1 مارچ 2017 21:00

ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،اپنی صلاحیت منوانے کیلئے مواقع فراہم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء)گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور ضرورت اس امرکی ہے کہ انہیںاپنی صلاحیت منوانے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پروفیشنل اداروں میں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ تحقیقی سہولیات میں بہتری لاکر بہتر مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قوموں کا وجود تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے اور تعلیم کے فروغ کو مہذب معاشروں کا قیام ممکن بنانے میں مسلمہ کردار ہے۔وہ بدھ کے روزگورنرہاؤس پشاور میں گندھارا یونیورسٹی کے گولڈمیڈلسٹ گریجویٹس کی اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میںیونیورسٹی کی چانسلر مسز روئیدہ کبیر،وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالسلام ،فیکلٹی اراکین سمیت طلباء وطالبات اوران کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرنے گولڈمیڈلز حاصل کرنیوالے گریجویٹس کوان کی کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت میں اعلی مقام حاصل کرکے نہ صرف اپنے لئے بلکہ والدین ،اساتذہ اور ادارے کانام بھی روشن کریں ۔ انہوں اس امید کا اظہارکیا کہ وہ ریسرچ پرخصوصی توجہ دیں گے اورمزید تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں کی کامیابی پر فخرہے۔

انہوں نے اس امر پرزوردیا کہ جو قومیں تعلیم میں پیچھے رہ جاتی ہے ان کا وجود قائم نہیں رہتا۔ گورنرنے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت وسائل کو حقیقی معنوں میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے اثرات نمایاں ہوں۔ گورنرنے گولڈمیڈلزوصول کرنے والے گریجویٹس کو آئندہ وقت میں ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہاکہ ان کے کاندھوں پرقوم کی توقعات پرپورا اترنے کی بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ گورنرنے اس یقین کا اظہارکیا کہ و ہ مستقبل کی ذمہ داریوں کوبطریق احسن نبھانے کی کوشش کریں گے اور نہ صرف اپنے متعلقہ شعبے میں مزید تعلیم حاصل کریں بلکہ انسانیت کی خدمت کوبھی اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔