دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پنجاب بھر میںکومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے جارہے ہیں

کچھ لوگ اس مہم کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر منڈی بہائوالدین پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے جعلی ایڈوائزری لیٹر کو بنیاد بنا کر بے جا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے ‘ترجمان پنجاب پولیس

بدھ 1 مارچ 2017 21:00

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے پنجاب بھر میںعلاقائی تعصب کو بالا ئے طاق رکھتے ہوئے بلا امتیاز و تفریق،علاقہ، رنگ ونسل اور فرقہ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے جارہے ہیںجن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں لیکن کچھ لوگ اس مہم کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر منڈی بہائوالدین پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے جعلی ایڈوائزری لیٹر کو بنیاد بنا کر بے جا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے حالانکہ پنجاب پولیس کی آفیشل فیس بک پیج پر اسی روز اس جعلی لیٹر کی تردید پوسٹ کر دی گئی تھی جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ کر آگے لاکھوں لوگوں کو شیئر کر کے لائک کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ اب تک اس حوالے سے بے جا پراپیگنڈا کرتے نظر آرہے ہیں کہ پنجاب میں جاری آپریشن کے دوران پختونوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جو کہ سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمدسکھیرا نے کومبنگ اور سرچ آپریشنز کے بارے میں منعقدہ تمام اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور ویڈیو لنک کانفرنسوں کے دوران اب تک جو ہدایات جاری کیں ان میں واضح طور پر یہ کہا گیا کہ یہ کومبنگ اور سرچ آپریشنز رنگ و نسل ،علاقائی تعصب اور فرقہ سے بالا تر ہو کرکیے جائیں اور کوئی بھی مشکوک شخص جو کسی بھی علاقے یا رنگ و نسل اور فرقہ سے ہو اسے بلا امتیاز چیک کیا جائے اورصرف ٹھوس ثبوت ہونے پر ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی جائے اور ان ہدایات کی خلاف ورزی کے مرتکب پولیس افسروں و اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات بھی ریکارڈ پر ہیں۔

لہذا میڈیا سمیت مختلف فورمز پرایک خاص طبقے کو نشانہ بنائے جانے والے کے حوالے سے کیا جانے والا پراپیگنڈا سراسر بے بنیاد اور شر انگیز ہے جس کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔ پنجاب پولیس ایک پروفیشنل فور س ہے جو جرائم پیشہ اور دہشت گردوںکے خلاف جاری جنگ میں شب و روز سرگرم عمل ہے اور محب وطن عوام کے جان، مال اور عزت کے تحفظ کو اپنا اولین فریضہ سمجھتی ہے لہذا یہ ممکن ہی نہیں کہ پنجاب میں جاری آپریشن کی آڑ میں کسی شریف یا محب وطن شہری کو علاقے یا رنگ و نسل اور فرقہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جائے ۔

ترجمان نے کہا کہ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کی آڑ میں کسی بھی شریف شہری کو ناجائز ہر اساں کرنے کی کسی بھی شکایت پر زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ ہو گا اور کاروائی میں تاخیر نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :