ترکی کی خاتون اول کے اعزاز میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے وزیر اعظم آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ،ْکلثوم نواز کی شرکت

خاتون اول پاکستان بیگم کلثوم نواز اور وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے ترکی کی خاتون اول کا استقبال کیا پاکستان اور ترکی کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں اور دونوں ممالکت غربت کیخلاف جنگ میں ایک دوسرے کی مدد کرتے رہیں گے ،ْترک خاتون اول

بدھ 1 مارچ 2017 21:00

ترکی کی خاتون اول کے اعزاز میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) ترکی کی خاتون اول کے اعزاز میں بی آئی ایس پی کے زیر اہتمام خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے وزیر اعظم آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی خاتون اول پاکستان بیگم کلثوم نواز نے کی۔ یہ تقریب ای سی او سمٹ کی تقریبات کا حصہ تھی۔ خاتون اول پاکستان بیگم کلثوم نواز اور وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے ترکی کی خاتون اول کا استقبال کیا۔

ترکی کے وزیر خارجہ کی اہلیہ مسز حولیا کوسوگلو، اکانومی کے وزیر کی اہلیہ مسز آئسین زیبکی، ترقی کے وزیر کی اہلیہ مسز زلیخہ الوان، ٹرانسپورٹیشن کے وزیر کی اہلیہ مسز حبیبی ارسلان، ، ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف مسز سولو آکار اور ترکی کے سفیر کی اہلیہ مسز اصلی گرگین اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترکی کی خاتون اول ایمن اردوان نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو اعلی مقام حاصل ہے کیوں کہ وہ آنے والی نسلوں کی اعلیٰ پرورش کے ذریعے قوم کے مستقبل کو روشن بناتی ہے، اس طرح خواتین کو بااختیاربنانے کا مطلب قوم کے مستقبل کو بااختیار کرنا ہے۔

بی آئی ایس پی کی طرح کے پروگرام خواتین کی بااختیاری کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ایسے پروگراموںکے اثرات میں اضافہ کیلئے انہیں وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کے خواتین کی بااختیاری کے اقدام کو سراہا جیسا کہ اس اقدام کے تحت آگاہی اپنی خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے ملک کے سماجی تانے بانے کی وضاحت کرے گی ۔

ترکی کی خاتون اول نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں اور دونوں ممالکت غربت کیخلاف جنگ میں ایک دوسرے کی مدد کرتے رہیں گے اور دنیا کو رہنے کیلئے ایک بہترین جگہ بنائیں گے۔ انہوں نے مشکل حالات کے دوران پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترکی کے فلاحی پروگراموںکی تفصیل پیش کی اور خواتین کے خلاف تشدد میں کمی، لڑکیوں اور مائوں کی تعلیم، خواتین کیلئے ملازمت کے برابر مواقعوں، اسلام کے مطابق خواتین کے حقوق اور دیگر اقدامات پر ذاتی دلچسپی کا اظہار کیا۔

بیگم کلثوم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں اس لئے خواتین کی فلا ح و بہبود پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دور حکومت کے دوران غریب خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ وفاقی بجٹ کا بڑا حصہ بی آئی ایس پی کے ذریعے خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے جس کی بدولت پسماندہ خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں چیئرپرسن ماروی میمن کی قیادت میں بی آئی ایس پی نے خواتین کی بااختیاری کیلئے اپنے آپ کو ایک موثر پروگرام کے طور پر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے غریب خواتین کی زندگیوں میں انکے فیصلہ کرنے کی طاقت اور انکی مالی اور سماجی نظام میں شمولیت کے بی آئی ایس پی کے اثرات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی لاکھوں خواتین کو ووٹر لسٹ پر لائی، 1.3ملین غریب بچوں کا سکولوں میں اندراج کیا اور ملک کی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری(این ایس ای آر) کی اپڈیشن کیلئے نئے سروے کا آغاز کیا جو غریبوں کی فلاح کے پروگراموں کیلئے اہم ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے ماروی میمن کی زیر قیادت بی آئی ایس پی کی ٹیم کے کام کی تعریف کی اور انہیں یہ کام جاری رکھنے کی نصیحت کی جس سے انہیں اللہ تعالی کی طرف سے برکات حاصل ہوں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ ہے جو نہ صرف مالی معاونت کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرتا ہے بلکہ انہیں سماجی طور پر مستحکم کرنے کیلئے سپورٹ سسٹم کے قیام کو یقینی بناتا ہے۔

بی آئی ایس پی اپنی خواتین کی بااختیاری کیلئے 55,000بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیوں کی صور ت میں ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ BBCs خواتین کو خاندانی منصوبہ بندی، دودھ پلانے، بچوں کی غذائیت، حفاظتی ٹیکیوں اور کم عمری میں شادیوں جیسے حساس اور پیچیدہ مسائل پر آگاہی فراہم کرتی ہے۔ پاکستان اور ترکی کی خواتین اول نے بی آئی ایس پی کی مستحقین سے بات چیت کی اور غربت کے خلاف ان کی جنگ پر ان کے حوصلے کی تعریف کی۔

بیگم کلثوم نواز نے مستحقین کی غربت کے خلاف جدو جہد پر انکی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وزیراعظم اور حکومت ہمیشہ انکی مدد کیلئے موجود ہیں۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی کی کمیونی کیشن اسٹریٹجی کے حصہ کے طور پر خواتین کی بااختیاری سے متعلق اہم معاملات پر ایک ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔ جو ملک بھر میں سماجی تحریک کے ذریعے تمام بینیفشری کمیٹیوں کو دیکھایا جائیگا۔