پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ،یہ برادر ملک خوشی اور غمی کے مواقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے ہیں،مستقبل میں پاک ترک تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے

محمودہ ممنون حسین ، تر ک او ر جمہوریہ شمالی قبرص کی خواتین اول کی ملاقات میں گفتگو

بدھ 1 مارچ 2017 20:46

پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) خاتون اول پاکستان بیگم محمودہ ممنون حسین اور ترک خاتون اول محترمہ ایمی نے کہا ہے کہ پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں اوریہ برادر ملک خوشی اور غمی کے مواقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے ہیں،مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

وہ بدھ کو ایوان صدر میں ظہرانے کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں جو معزز مہمانوں کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔خاتون اول پاکستان نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکی اورترک جمہوریہ شمالی قبرص کے عوام سے یگانگت محسوس کرتے ہیں کیونکہ ہم تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انھوں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں اور دونوں سکھ دکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تعلقات محبت ، باہمی احترام، جذبہ خیر سگالی، عتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیںیہی وجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مسائل پر ہمار ا مؤقف یکساں ہے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔خاتون اول پاکستان نے کہا کہ 2010 ء میں پاکستان میں بد ترین سیلاب آئے، اس موقع پر ترک خاتون اول نے متاثرین کی مدد کے لیے جس مخلصانہ جذبے کے ساتھ کام کیا اور عطیات جمع کیے، اس کے لیے ہم ان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

بیگم محمود ہ ممنون حسین نے کہا کہ ترک خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ترک خاتون اول کاجذبہ اور خدمات بے مثال ہیں۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم، طبقاتی تقسیم اور بچوں سے لی جانے والی (چائلڈ لیبر)کے خلاف ترک خاتون اول کی جدوجہد دنیا بھر کی مسلم خواتین کے لیے قابلِ تقلید ہے۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کا معیارزندگی بلند کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان غربت کے خاتمے کے لیے سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام ضرورت مند خواتین کی مدد کر رہا ہے۔پاکستانی خواتین سیاست میں بھی اہم کردارادا کر رہی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں علم کے فروغ اور مستقبل کی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانے میں پڑھی لکھی بچیاں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی خواتین میں تعلیم کے تناسب میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔ خاتون اول پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی میں خواتین کا مستقبل بہت تابناک اور شاندار ہے۔ ترک خاتون اول نے کہا کہ وہ پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

ااس موقع پر خاتون اوّل جمہوریہ ترک محترمہ ایمی نے اور محترمہ میرال ایکن سی، ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی خاتون اوّل ایوان صدر میں پرتپاک استقبال پر بیگم محمودہ ممنون حسین کا شکریہ اد ا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے امید ظاہر کہ ان مہمانوں کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اور یادگار ہو گا۔ اس موقع پر خاتون اول پاکستان نے مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :