ضلع لوئر کوہستان بحالی کے فیصلہ کے بعد ڈپٹی کمشنر کا ضلعی ہیڈ کوارٹرز پٹن آمد پر فقیدالمثال استقبال

بدھ 1 مارچ 2017 20:10

کوہستان۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) سپریم کورٹ کی جانب سے ضلع لوئر کوہستان کی بحالی کے فیصلہ کے بعد ڈپٹی کمشنر کی پہلی مرتبہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پٹن آمد پر شہریوں نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا، ہزاروں کی تعداد میں دونوں اضلاع کے لوگوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر حاجی عبدالحق کے ہمراہ نومولود ضلع لوئر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر جب پشاور سے بشام کی طرف روانہ ہوئے تو تحصیل پٹن کے باسی سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے ان کے استقبال کیلئے شاہراہ قراقرم پر بشام کی جانب روانہ ہوئے۔

گاڑیوں کا طویل جلوس جب بشام کے قریب پہنچا تو نئے ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان خدا بخش کا قافلہ بھی وہیں پہنچا ہوا تھا۔ اس موقع پر اہلیان علاقہ نے ڈپٹی کمشنر کے گلے میں ہار ڈالے، نعروں کی گونج میں ڈپٹی کمشنر کو انہیں ضلعی ہیڈ کوارٹر پٹن لایا گیا جہاں گورنمنٹ ماڈل گریژن ہائی سکول میں اساتذہ اور طلباء کی جانب سے استقبالیہ جلسہ کی تیاری کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جلسہ کی صدارت اپر کوہستان سے حاجی ملک سخی آف داسو کر رہے تھے۔ طویل لائو لشکر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر جب پنڈال پہنچے تو ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا والہانہ استقبال کیا اور سکول کے طلباء نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفکر کوہستان مولانا عبدالحلیم کے فرزند مولانا کریم داد نے فرداً فرداً تمام علاقوں سے آئے معززین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اہلیان پالس کو خیرسگالی پیغام بھیجتے ہوئے کہا کہ ہمارا ان سے سماجی بائیکاٹ ختم ہو چکا ہے، اب اہلیان پالس جب دل چاہیں پٹن کی سرزمین پر آ جا سکتے ہیں، وہ کل بھی ہمارے بھائی اور آج بھی ہمارے بھائی ہیں، ہم پالس کی حمایت کرتے ہیں مگر اپر کوہستان اور دیگر علاقوں میں بھی اضافی اضلاع بنائے جائیں۔