Live Updates

پی ایس ایل کےفائنل کاپرامن اورمحفوظ ماحول میں انعقاد یقینی بنائینگے،شہبازشریف

انٹری پوائنٹس سےشائقین کوسٹیڈیم تک لیجانےکیلئےخصوصی فری بس شٹل سروس چلانےکافیصلہ،فائنل میچ کالاہورمیں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے،وزیراعظم اورآرمی چیف کی معاونت بھی حاصل ہے،جذبےصادق ہوں توپہاڑجیسی منزل بھی آسان ہوجاتی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 مارچ 2017 18:03

پی ایس ایل کےفائنل کاپرامن اورمحفوظ ماحول میں انعقاد یقینی بنائینگے،شہبازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مارچ2017ء) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل میچ میگاایونٹ ہے اوراسے کامیاب بنانے کیلئے سب نے دن رات محنت کرنا ہے۔

پرامن اور محفوظ ماحول میں فائنل میچ کا انعقاد یقینی بنائیں گے اورفائنل میچ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے جبکہ دیگر انتظامات بھی اعلی معیار کے ہوں گے -لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پورے ملک کے لئے باعث اعزاز ہے اورآپ سب نے مل کر اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت کے ساتھ میچ کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشاورت اورمعاونت بھی حاصل ہے۔یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ فائنل میچ کے انعقاد کیلئے جس طرح آپ سب کام کررہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ آپ ضرور سرخرو ہوں گے۔

جذبے صادق ہوں تو پہاڑ جیسی منزل بھی آسان ہوجاتی ہے ۔ وزیراعلی نے متعلقہ محکموں او راداروں کے حکام کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے ساتھ دیگر تمام انتظامات بھی انتہائی شاندار ہونے چاہئیں اورمتعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں ۔صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان باقاعدگی سے تمام انتظامات کا جائزہ لے جبکہ میں بھی روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لوں گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات کر کے عوام کو آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں متبادل ٹریفک روٹس سے مکمل آگاہی ہو ۔اجلاس کے دوران انٹری پوائنٹس سے شائقین کو سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے خصوصی فری بس شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیاگیا-وزیراعلی نے کہا کہ شائقین کے لئے فری بس شٹل سروس فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے انہیں سٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں اورمیچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر اور سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔روٹ سمیت پورے لاہور کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شائقین کو ٹکٹوں کی دستیابی کے حوالے سے اوور چارجنگ کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس کے دورانمساجد،امام بارگاہوں،گرجا گھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے کیونکہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے اورہم نے ایک قوم بن کر اس سفاک دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں ۔متعلقہ محکمے اپنے وضع کردہ پلان کے مطابق فرائض کی ادائیگی ہر قیمت پر یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمارا مشترکہ چیلنج ہے اور قومی مفاد کا تقاضاہے کہ محنت ،جذبے اورعزم سے فائنل میچ کے انعقاد کو کامیاب بنایا جائے ۔سیکرٹری داخلہ اورکمشنر لاہور ڈویژن نے فائنل میچ کے لئے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزراء ،رانا ثناء اللہ،رانا مشہود احمد ،ایوب گادھی،سید رضا علی گیلانی،جہانگیر خانزادہ،مشیر رانا مقبول احمد ،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان،مشیر عمر سیف،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات