گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سپیکرآزاد کشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر کی ملاقات

بدھ 1 مارچ 2017 20:01

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سپیکرآزاد کشمیر قانون سازاسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں سپیکرآزاد کشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور بالخصوص کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانیوںکے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور اسے ایک جسم اور دو جاں سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیری عوام کے لئے اپنی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت کو جاری رکھے گی اور کسی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضے کے ساتھ اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے جس طرح انسانی حقوق کو پامال کیا ہے وہ کسی مہذب ریاست کے لئے باعث عزت نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کوبھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے گئے مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔اس موقع پرسپیکرقانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر شاہ غلام قادرنے کہا کہ کشمیری عوام کی حق کی آواز ہر فورم پراٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مظلوم کشمیریوں کی آواز کو ہرگز نہیں دبا سکتا۔ اس موقع پر سپیکر شاہ غلام قادرنے گورنر پنجاب کو آزاد کشمیر دورے کی دعوت بھی دی۔