چیئرمین پی ٹی آئی بھارتی بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں، عابد شیر علی

عمران نے صوبائیت کو ہوا دے کر آگ لگانے کی کوشش کی انہیں پاکستان سے باہر نکال دینا چاہئے ،شاہ محمو د قریشی دربار سے حاصل کیا گیا پیسوں کا حساب دیں ،وزیر پانی و بجلی مشورہ ہے بلاول بھٹو زرداری سب سے زیادہ بولنے والے مولا بخش چانڈیو کو کراچی کی صفائی پر لگا دیں،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 1 مارچ 2017 19:30

چیئرمین پی ٹی آئی بھارتی بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں، عابد شیر علی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں، صوبائیت کو ہوا دے کر آگ لگانے کی کوشش کی انہیں پاکستان سے باہر نکال دینا چاہئے ۔ شاہ محمود قریشی دربار کے پیسوں کا حساب دیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری چانڈیو سے کراچی کی گندگی صاف کرائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی ملک کے لئے ناسور ہے جس کے خاتمے کے لئے حکومت سنجیدگی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد حکومت نے دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کیں تو عمران خان نے ان کارروائیوں کو پنجاب میں پختونوں کے خلاف کارروائیوں کا رنگ دے کر تعصب اور صوبائیت کی آگ لگائی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت نے دشمن ہو کر پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا عمران خان پہنچا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عمران خان بال ٹھاکر ے کے چھوٹے بھائی ہیں ، حکومتی کوششوں کو ناکام اور پاکستان کو عوام استحکام کا شکار بنانے کے لئے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے صاف واضح ہے کہ وہ پاکستانی نہیں ہو سکتے بلکہ وہ ملک دشمن عناصر سے بڑھ کر ملک کے لئے خطرہ ہیں اس لئے ان کو فوری طور پر ملک سے باہر نکال دینا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل شاہ شاہ محمود قریشی بتائیں کہ ان کے دربار میں کتنے کروڑ روپے آتے ہیں ان سب کا حساب لیں گے اور پوچھیں گے کہ انہوں نے غریبوں اور بیوائوں پر کتنا خرچ کیا ۔عابد شیر علی نے پیپلزپارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ حکومت پر کرپشن بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے حالانکہ وزیر اعظم نے کراچی میں گرین بسوں کا تحفہ اور موٹر وے دے کر ثابت کر دیاہے کہ پی پی پی سے زیادہ (ن) لیگ کی حکومت ہی سندھی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہی ہے اس لئے پی پی پی کو حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے جواب دینا چاہئے کہ جو ایان علی پیسوں کے ساتھ پکڑی وہ چارٹر جہاز میں ملک سے باہر کیسے چلی گئی انہوں نے کہا کہ پی پی پی کراچی میں گندگی صاف کرنے میں ناکام ہو چکی ہے کراچی میں گندگی صاف کرنا اتنا بڑا مسئلہ ہے لیکن یہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے میرا تو بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ ہے کہ وہ زیادہ بولنے والے مولا بخش چانڈیو سے ہی کراچی کی سڑکیں صاف کرائیں کیونکہ وہ اس کام کے لئے موزوں ہیں ۔

(جاوید)