ای سی او کانفرنس میں شریک غیر ملکی سربراہ اور وفود اسلام آباد کی خوبصورتی سے متاثر ‘ شہر کی خوبصورتی اور نئی شاہراہوں کی تعمیر کا وزیر اعظم کے ساتھ بھی خصوصی تذکرہ ، تاجک صدر کی چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بھی وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد

بدھ 1 مارچ 2017 18:43

ای سی او کانفرنس میں شریک غیر ملکی سربراہ اور وفود اسلام آباد کی خوبصورتی ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) ای سی او کانفرنس میں شریک غیر ملکی سربراہ اور وفود اسلام آباد کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ‘ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے اور نئی شاہراہوں کی تعمیر پر وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ بھی خصوصی طورپر تذکرہ کیا جبکہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بھی اسلام آباد کو خوبصورت بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر سی ڈی اے نے ای سی او کانفرنس کیلئے اسلام آباد کو خصوصی طور پر سجایا تھا۔ ایئر پورٹ سے لے کر وزیر اعظم ہائوس تک غیر ملکی سربراہان کی تصاویر اور پرچم نصب کئے گئے تھے جبکہ خصوصی طور پر مختلف رنگوں کے پھول بھی لگائے گئے تھے اور پاکستان کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جب تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کو ای سی او شرکت کے بعد وطن روانگی سے قبل نور خان ایئر بیس پر الوداع کیا تو انہوں نے اس موقع پر خواجہ محمد آصف کے علاوہ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز جو ایئر پورٹ پر موجود تھے سے خصوصی بات چیت کی اور کہا کہ وہ اسلام آباد کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے ہیں اور شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے میئر کی طرف سے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

تاجکستان کے صدر نے میئر اسلام آباد کو بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کے دوران اسلام آباد کی خوبصورتی کیلئے کئے گئے اقدامات کا خصوصی تذکرہ کیا ہے جس پر میئر نے تاجکستان کے صدر سمیت دیگر غیر ملکی سربراہوں کا شکریہ ادا کیا۔ …(رانا)

متعلقہ عنوان :