عوام کو شہری دفاع کے اصولوں سے روشناس کروا کر قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے،مقررین کا سیمینار سے خطاب

بدھ 1 مارچ 2017 18:10

لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) قدرتی آفات اور حادثات سے بچائو کے لیے شہری دفاع کا کردار بہت اہم ہے، پاکستانی عوام میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کی اشدضرورت ہے، عوام کو شہری دفاع کے اصولوں سے روشناس کروا کر قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے، میڈیا عوام میں قدرتی آفات سے بچائو کے لیے مہم چلائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون بھی ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سول ڈیفنس کی طرف سے منعقدہ سمینار میں کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کو عوام کا تعاون حاصل نہیں ہو گا قدرتی آفات ، حادثات اور دہشت گردی سے بچائو کے لیے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے، پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نبرد آزما ہونے کے لیے عوام میں شعور اُجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ بروقت متعلقہ محکموں کو آگاہ کر سکیں اور نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے، تقریب میں مسلم لیگی رہنما میاں وحید عالم مہمان خصوصی تھے جبکہ کمانڈنٹ بم ڈسپوزل یونٹ ملک لیاقت علی اور یونٹ کمانڈر کیپٹن رائے نزیر احمد کھرل نے قدرتی آفات سے بچائو کے طریقوں سے شرکاء کو روشناس کرایا، اس موقع پر عام لوگوں کی آگاہی کے لیے ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بم ڈسپوزل یونٹ کی طرف سے خودکش حملہ کی صورت میں سول ڈیفنس کے عملہ نے عملی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دکھایا، فائر بریگیڈ نے بڑھکتی ہوئی آگ بجھانے کا زبردست مظاہرہ کیا جبکہ کسی حادثہ کی صورت میں لوگوں کو اونچی عمارتوں سے نکالنے کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔