محکمہ سکولزایجوکیشن کاجنوبی پنجاب کے16اضلاع میں خدمت کارڈزجاری کرنےکافیصلہ

خدمت کارڈکےذریعےطالبہ کےاکاونٹ میں ماہانہ1000روپےٹرانسفر کیےجائینگے،خدمت کارڈز کےاجراءکامقصد بےوسیلہ گھرانوں کی بچیوں کوحصول علم کے قابل بنانا ہے،صوبائی وزیرسکولزایجوکیشن رانامشہود

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 مارچ 2017 16:21

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مارچ2017) :صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن7مارچ سے جنوبی پنجاب کے 16منتخب اضلاع میں خدمت کارڈز سکیم لانچ کرئے گا۔اس پروگرام کا مقصد دوردرازعلاقوں کے بے وسیلہ گھرانوں کی بچیوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنا کر ان کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں بتائی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن رانا حسن اختر، ڈائریکٹر مانیٹرنگ سکولز ایجوکیشن رانا عبدالقیوم، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ پی ایم آئی یو کامران خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈنیشن پی ایم آئی یو محمد نعیم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ اس پروگرام کیلئے جنوبی پنجاب کے16اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ہمارا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی لاکھوں بچیوں کو حصول علم کے قابل بنانا ہے۔اس پروگرام کے تحت طالبات کے والدین کو خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے۔اس خدمت کارڈ کے ذریعے طالبہ کے اکاونٹ میں ماہانہ 1000روپے ٹرانسفر کیے جائیں گے۔محکمہ سکولز ایجوکیشن نے منتخب 16اضلاع کے 2979سکولوں کی 4لاکھ 61ہزار سے زائد طالبات کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔

ان اضلاع میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم چھٹی تادسویں جماعت کی طالبات اس مفید پروگرام سے مستفید ہوں گی۔صوبائی وزیررانا مشہود نے بتایا کہ اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کی غرض سے جاری کیا جانے والا خدمت کارڈ پراجیکٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے توسط سے دوردراز علاقوں کے ضرورت مند گھرانوں میں علم کا اجالا پھیلے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے حصول تعلیم تک یکساں رسائی ممکن بنا کر حقوق اطفال کے تقاضے پورے کر دیئے ہیں۔اس موقع پر شرکاء نے خدمت کارڈ کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فلاحی اقدام کی بدولت گرلز ایجوکیشن کو فروغ ملے گا۔