تارکین وطن شناختی کارڈ فیس کیس:

سپریم کورٹ نے نادرا سے تحریری جواب طلب کرلیا

بدھ 1 مارچ 2017 16:54

تارکین وطن شناختی کارڈ فیس کیس:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) سپریم کورٹ نے تارکین وطن پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کے ا جراء پرزیادہ فیس وصول کرنے سے متعلق کیس میں نادراسے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بتایاجائے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کارڈ کے اجراء و منسوخی پر قیمتوں کا تعین کیسے ہوتاہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کارڈاجراء اور منسوخی کی قیمتوں کارات کوخیال نہیں آجاتاکہ کیا چارجز وصول کرنے ہیں،قیمتوں کے تعین کا کوئی ورکنگ پیپرتوبنایاہوگا ،عام پاکستانی سے ایگزیکٹوسمارٹ کارڈ پر16ڈالرلیے جاتے ہیں،یورپ میں مقیم پاکستانیوں سے ایگزیکٹو کارڈ پر 100ڈالر وصول کیے جاتے ہیں ،بظاہر دیکھنے میں یہ معاملہ امتیازی لگتا ہے،نادراکے پاس اس کا کوئی جواز ہے توبتادے ، اس پر چیئر مین نادرا نے عدالت کو بتایا کہ کارڈ کے اجراء اور منسوخی کی قیمتیں 2012 سے تبدیل نہیں ہوئیں ہیں، یورپ میں مقیم پاکستانیوں سے نارمل کارڈ پر72،ارجنٹ پر83اورایگزیکٹو کارڈ پر100ڈالروصول کیے جاتے ہیں ،پاکستانی نیشنیلٹی ترک کرنے والے نادرا سے پاکستان اوریجن کارڈ بنواتے ہیں جس کے کے نارمل چارجز150،ارجنٹ 200اورایگزیکٹو کے 250 ڈالر ہیں اوریجن کارڈ کی منسوخی کے 300ڈالر چارج کیے جاتے ہیں اس پر عدالت نے نادرا سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :