فوجی عدالتیں دہشت گردی کا حل نہیں ،ْ سعید غنی

حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرے ،ْ انٹرویو

بدھ 1 مارچ 2017 16:41

فوجی عدالتیں دہشت گردی کا حل نہیں ،ْ سعید غنی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء)پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کرنے سے دہشت گردی کو ختم نہیں کیا جاسکتالہذا حکومت کو چاہیئے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرے۔ایک انٹرویومیں سعید غنی نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک نہیں پہنچا جائیگا اس وقت تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ گذشتہ روز اپوزیشن کی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کی توسیع پر اتفاق کیا لیکن حکومت نے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی تمام جماعتوں کی ایک کل جماعتی کانفرنس میں انہیں اپنے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کریگی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگلے دو سال میں بھی پہلے کی طرح کچھ نیا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق بات کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ دہشت گردی کی اس تازہ لہر کی وجہ فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونا ہے تاہم اصل میں حقیقت یہ ہے کہ ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں فوجی عدالتوں کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن اب اگر اس میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے تو اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس کا غلط استعمال نہ ہو۔