امید ہے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک امن وامان کے فروغ کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے ،ْوزیراعظم نواز شریف

بدھ 1 مارچ 2017 16:41

امید ہے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک امن وامان کے فروغ کیلئے مل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک امن وامان کے فروغ کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے ،ْای سی او کو کثیرجہتی روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے ،ْ تنظیم کے رکن ممالک نے پرامن خطے کیلئے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اجتماعی کاوشوں کا بھی عزم کیا ہے ،ْمشرق اور مغرب کے درمیان رابطوں کیلئے اس خطہ کی جغرافیائی اہمیت ناگریز ہے۔

بدھ کو اقتصادی تعاون تنظیم کے 13ویں اجلاس کے اختتام پر ای سی او سیکرٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اجلاس میں علاقائی سیاحت سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون، اعلیٰ تعلیم اور دیگر مقاصد کے حصول کیلئے کثیرجہتی روابط پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہاکہ تمام گورننگ باڈیز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اجلاس میں کی گئی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ای سی او کو کثیرجہتی روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ اعلامیے میں باہمی رابطوں کو مربوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پرامن خطے کے لئے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اجتماعی کاوشوں کا بھی عزم کیا ہے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ یہ خطہ ہمیشہ ثقافتوں اور تصورات کے تبادلوں کے لئے ایک گذر گاہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی یہ اجتماعی سیاسی بصیرت ہے کہ انہوں نے اسلام آباد اعلامیہ کو اتفاق رائے سے منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلامیہ رکن ممالک کے درمیان اقتصادی لوازمات کو مکمل طور پر استعمال میں لانے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے اور اسی طرح ان کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں اور علاقائی سالمیت کیلئے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشرق اور مغرب کے درمیان رابطوں کیلئے اس خطہ کی جغرافیائی اہمیت ناگریز ہے۔ یاد رہے کہ 22 سال بعد اسلام آباد میں ہونے والے ای سی او سربراہی اجلاس کی صدارت اور میزبانی وزیراعظم نواز شریف نے کی ،ْ اجلاس میں 5 رکن ممالک کے صدور اور 3 رکن ممالک کے وزرائے اعظم شریک تھے۔اجلاس میں شریک صدور کا تعلق ترکی، ایران، آذربائیجان، تاجکستان اور ترکمانستان سے تھا ،ْ کرغزستان اور قازقستان کے وزیراعظم اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم اجلاس کا حصہ تھے، افغان صدر اشرف غنی کی نمائندگی پاکستان میں ان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیلوال نے کی۔

علاوہ ازیں سربراہ اجلاس میں چین خصوصی نمائندے کی حیثیت سے شریک تھا۔خیال رہے کہ تنظیم کا بارہواں سربراہ اجلاس آذربائیجان کے شہر باکو میں 2012 میں ہوا تھا۔13 ویں سربراہ اجلاس کا موضوع علاقائی خوشحالی کے لیے رابطے تھا جسے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، اجلاس میں ای سی او کے وژن 2025 کی منظوری بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :