ْسینیٹ آف پاکستان اور کیوباکی قومی اسمبلی کے مابین ہوانا میں اہم مفاہمتی یاداشت پر دستخط

مفاہمتی یاداشت سے پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، دونوں ممالک کی پارلیمانوں ، حکومتوں اور عوام کے مابین تعلقات مستحکم ہونگے،رضاربانی

بدھ 1 مارچ 2017 16:35

ْسینیٹ آف پاکستان اور کیوباکی قومی اسمبلی کے مابین ہوانا میں اہم مفاہمتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) پاکستان کے ایوان بالاء اور کیوبا کی قومی اسمبلی کے مابین ہوا نا میں ایک انتہائی اہم مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد قانون سازی اور پارلیمانی امور میں باہمی تعاون کو مستحکم کرنا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا ہے ۔ اس ضمن میں سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور ان کی ہم منصب مس میر یام بریٹو سروکا نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی ، پاکستانی وفد کے اراکین اور کیوبا کی قومی اسمبلی کے صدر بھی موجود تھے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ مفاہمتی یاداشت کی بدولت پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ اور دونوں ملکوں کی پارلیمانوں ، حکومتوں اور عوام کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے پارلیمانی روابط کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس سے باہمی اعتماد اور مفاہمت کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ دونوں سیکرٹریٹس نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں دوستی گروپس کی تشکیل اور باہمی روابط کو فروغ دینے کیلئے پارلیمانوں کے مابین روابط کے استحکام پر اتفاق کا اظہار کیا ہے ۔