ڈپٹی کمشنر کچھی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر وکیل احمد کاکڑ کی نگرانی میںتین روزہ صفائی مہم کے سلسلے میں آگاہی ریلی واک کا اہتمام کیا گیا

بدھ 1 مارچ 2017 16:31

بولان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر کچھی شاہ فہد کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر وکیل احمد کاکڑ کی نگرانی میںتین روزہ صفائی مہم کے سلسلے میں آگاہی ریلی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں چئیرمین میونسپل کمیٹی ڈھاڈر سید محمد علی شاہ دوپاسی،محکمہ سوشل ویلفئر کچھی ،سکولوں کے طلباء ،سول سوسائٹی اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کچھی کے علاوہ دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا آگاہی ریلی میونسپل کمیٹی ڈھاڈر آفس سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے شعور آگاہی کیلئے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ریلی شاہی چوک پہنچا تو اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر وکیل احمد کاکڑ نے کہا کہ ریلی اور آگاہی واک کا مقصد لوگوں میں تین روزہ صفائی مہم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور میونسپل انتظامیہ سے تعاون کرکے غیر ضروری اشیاء اور گندکو کچرہ دانوں میں ڈالیں جہاں سے میونسپل کمیٹی کے صفائی کا عملہ اور مشینری انہیں روزانہ کی بنیادوں پر تلف کیا کریگا شہر اور بازاروں میں جگہ جگہ کچرہ پھینکنے سے اجتناب کریں کیونکہ اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کو اسلام میں بھی بہت اہمیت دی گئی ہے اور اسے نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے صحت مند معاشروں کی تشکیل میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے باشعور افراد اپنے علاقوں کلیوں بازاروں کو پاک صاف رکھنے کے علاوہ اسکی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دیتے ہیں جس سے ایمان کی تازگی برقرار رہتی ہے اور عوام مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔