عوام کی ضرورت امن و امان اور ترقی ہے محاذ آرائی اور افراتفری نہیں، سیاست دلیل اور عوامی خدمت سے کی جاتی ہے دشنام طرازی، گالی گلوچ اور ہیجان انگیزی سے نہیں، پارٹیاں تبدیل کرنے والے اچھے سیاسی اور جمہوری اصولوں کیلئے زہر قاتل ہیں، عزت عہدے سے نہیں کردار سے ہوتی ہے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی اپنے حلقہ کے دورہ کے دوران عوام، اکابرین اور منتخب نمائندوں سے بات چیت

بدھ 1 مارچ 2017 16:12

عوام کی ضرورت امن و امان اور ترقی ہے محاذ آرائی اور افراتفری نہیں، ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی ضرورت امن و امان اور ترقی ہے، محاذ آرائی اور افراتفری نہیں، سیاست دلیل اور عوامی خدمت سے کی جاتی ہے دشنام طرازی، گالی گلوچ اور ہیجان انگیزی سے نہیں، پارٹیاں تبدیل کرنے والے اچھے سیاسی اور جمہوری اصولوں کیلئے زہر قاتل ہیں، عزت عہدے سے نہیں کردار سے ہوتی ہے۔

بدھ کو اپنے حلقہ کے دورہ کے دوران ہرکہ، پاپین بنگلہ اور دیگر مقامات پر عوام، اکابرین اور منتخب نمائندوں سے بات چیت سے کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کرنا مشکل ترین کام ہے، جہاں ایک طرف مسائل کا انبار ہے وہاں دوسری طرف عوامی توقعات ہیں مگر الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) عوام سے کئے وعدے پورے کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2017ء کے پاکستان اور ماضی کے پاکستان میں واضح فرق ہے اور اس میں مزید بہتری آئے گی جنہوں نے اس ملک اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور اپنے دور حکومت میں نااہلی کی مثالیں قائم کی وہ الزام تراشیوں اور بہتان بازی کا سہارا لے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی جتنا جھوٹ بولے گا ہم اتنا سچ بولیں گے اور فیصلہ عوام کریں گے ، ہماری نیت ٹھیک اور ہاتھ صاف ہیں، نہ پہلے کسی آزمائش سے گھبرائے ہیں اور نہ آئندہ ہمارے قدم ڈگمگائیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ سیاست کو بطور تجارت یا اپنی ذاتی تجوریاں بھرنے کیلئے نہیں بلکہ عوامی خدمت سمجھ کر کرتے ہیں۔ علاقے میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے بتیس سالہ دور سیاست اور خصوصاً اپنے دور حکومت میں انہوں نے علاقے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور قدم قدم پر اپنی خدمت کے نشان چھوڑے ہیں۔

جو پارٹیاں بدل کر اور اپنا سیاسی قبلہ تبدیل کرکے بار بار اقتدار میں آئے ان کو علاقے میں ترقی کی ایک اینٹ رکھنے کی بھی توفیق نہ ہوئی۔علاقے کے اکابرین اور معززین کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقہ کے عوام کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے منتخب رہنما پولیس، محکمہ مال اور دیگر سرکاری محکموں سے کرپشن، اقرباء پروری وغیرہ جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ہر کام میں انصاف اور اپنے مذہبی اصول ملحوظ خاطر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا عوام کے تعاون اور مدد سے ہی قلع قمع کیا جا سکتا ہے۔ وزیر داخلہ سے بات چیت کے دوران اہل علاقہ نے ملکی امور پر بات کی اور وزیر داخلہ کے سامنے اپنے مسائل بھی بیان کئے۔ کرکٹ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں کرکٹ ہو گی تو اس سے پاکستان کی خوش نامی ہوگی، ہر چیز پر سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کرنا نامناسب ہے۔