پنجاب حکومت پولیتھین بیگز کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کر رہی ہے ، ذکیہ شاہنواز

بدھ 1 مارچ 2017 16:12

پنجاب حکومت پولیتھین بیگز کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کر رہی ہے ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) یکم مارچ : صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پولیتھین بیگز کی پیداوار کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کر رہی ہے کیونکہ یہ کیمیائی مادوں سے تیار ہوتا ہے ان میں جب بھی گرم خوراک ڈالی جائے تو ان کے اجزاء خوراک میں شامل ہو کر کینسر پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں، یہ گلتے سڑتے نہیں ہیں اس لیے کوڑا کرکٹ کے تلف کرنے میں رکاوٹ بن کر ماحول کو صاف ستھرا نہیں ہونے دیتے، اس لیے محکمہ تحفظ ماحول کی خصوصی ٹیمیں صوبہ بھر میں آپریشن کے ساتھ ساتھ پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کے لیے اس کے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہونگے،اس امر کا اظہار صوبائی وزیر نے بدھ کو اپنے دفتر میں محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیتھین بیگ کا کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کے عمل کو مزید موثر کیا جائے اور دکاندار وں کو اس کی خرید کے عمل سے باز رکھنے کیلئے مثبت اقدامات کیے جائیں ،انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ سیاہ شاپرز اور پندرہ مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز کی تیاری خریدو فروخت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے محفوظ رکھا جاسکے،سیکرٹری تحفظ ماحول سیف انجم نے پولیتھین بیگز کے تدارک کیلئے پنجاب میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی،اجلاس میں ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم چیمہ ،ڈائریکٹر آپریشن نسیم الرحمان شاہ اور ضلعی ٹیموں کے سربراہان اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :