ای سی او کے رکن ممالک خطے کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے میں پرعزم ہیں ، ہم نے اجتماعی طور پر نصف ارب سے زائد کی آبادی کے حامل اپنے خطے میں خوشحالی لانے کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے،مشرق اور مغرب کے درمیان رابطوں کیلئے اس خطہ کی جغرافیائی اہمیت ناگریز ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا ای سی او کے سیکریٹری جنرل حلیل ابراہیم اککا کے ہمراہ ای سی او سربراہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 1 مارچ 2017 16:05

ای سی او کے رکن ممالک خطے کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے میں پرعزم ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے خطے کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ہم نے اجتماعی طور پر نصف ارب سے زائد کی آبادی کے حامل اپنے خطے میں خوشحالی لانے کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔ وہ بدھ کو اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حلیل ابراہیم اککا کے ہمراہ ای سی او سربراہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پرامن خطے کے لئے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اجتماعی کاوشوں کا بھی عزم کیا ہے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ یہ خطہ ہمیشہ ثقافتوں اور تصورات کے تبادلوں کے لئے ایک گذر گاہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سربراہ اجلاس میں شریک رہنمائوں نے ای سی او کی گورننگ باڈیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سربراہ اجلاس کے موضوع ’’خطے کی خوشحالی کے لئے رابطہ‘‘ کو مدنظر رکھتے ہوئے کثیر الجہتی رابطوں کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی یہ اجتماعی سیاسی بصیرت ہے کہ انہوں نے اسلام آباد اعلامیہ کو اتفاق رائے سے منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلامیہ رکن ممالک کے درمیان اقتصادی لوازمات کو مکمل طور پر استعمال میں لانے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے اور اسی طرح ان کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں اور علاقائی سالمیت کیلئے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشرق اور مغرب کے درمیان رابطوں کیلئے اس خطہ کی جغرافیائی اہمیت ناگریز ہے۔

متعلقہ عنوان :