شام کے شہر ادلب میں امریکی ڈرون حملہ،اسامہ بن لادن کاداماد ماراگیا

حملے کے کئی گھنٹوں بعد شدت پسندوں نے اپنی ویب سائٹس پر ابو الخیر المصری کی ہلاکت کی تصدیق کردی

بدھ 1 مارچ 2017 15:58

شام کے شہر ادلب میں امریکی ڈرون حملہ،اسامہ بن لادن کاداماد ماراگیا
دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) شام کے شہر ادلب میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں اسامہ بن لادن کا داماد ابوالخیر المصری ہلاک ہو گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق شام کے شمالی صوبہ ادلب میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کا نائب سربراہ اسامہ بن لادن کا داماد ابوالخیر المصری مارا گیا ۔انہیں گزشتہ سال ہی القاعدہ کا نائب سربراہ مقرر کیا گیا تھا ۔

وہ القاعدہ کے امیر ایمن الزواہری کا قریبی ساتھی بھی تھاجبکہ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ نائن الیون حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی شامل رہا ہے ۔

(جاری ہے)

حملے کے کئی گھنٹوں بعد شدت پسندوں نے اپنی ویب سائٹس پر تصدیق کی کہ ابو الخیر المصری اس میں ہلاک ہو گیا ہے۔59 سالہ ابو الخیر المصری کو اس وقت میزائل سے نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی ایک چھوٹی گاڑی میں جارہا تھا۔

امریکی حکام نے اس حملے کی تصدیق کی تھی لیکن یہ نہیں بتایا کہ اس کا ہدف کون تھا، ابو الخیر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اسامہ بن لادن کے ساتھ افغانستان میں شانہ بشانہ لڑائی میں حصہ لیتا رہا، وہ 10سال تک ایران میں قید بھی رہا،جولائی 2016ء میں اس نے ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں شام کے ایک جہادی گروپ النصرہ کی حمایت اور القاعدہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔