ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی پرائسنگ پالیسی تیار‘ ڈیوائس پالیسی کے نام سے نیا فارمولا آگیا

سٹنٹ کی درآمدی قیمت پر منافع کی شرح زیادہ سے زیادہ 50فیصد تک مقرر کردی گئی‘ 20ہزار میں درآمد ہونے والا سٹنٹ اب اڑھائی لاکھ کی بجائے 30ہزار میں دستیاب ہوگا‘ ڈیوائس پالیسی کی حتمی منظوری پالیسی بورڈ اور بعد میں وزیراعظم دینگے

بدھ 1 مارچ 2017 15:27

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی پرائسنگ پالیسی تیار‘ ڈیوائس پالیسی کے نام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی پرائسنگ پالیسی تیار‘ ڈیوائس پالیسی کے نام سے نیا فارمولا آگیا‘ سٹنٹ کی درآمدی قیمت پر منافع کی شرح زیادہ سے زیادہ 50فیصد تک مقرر کردی گئی‘ 20ہزار میں درآمد ہونے والا سٹنٹ اب اڑھائی لاکھ کی بجائے 30ہزار میں دستیاب ہوگا‘ ڈیوائس پالیسی کی حتمی منظوری پالیسی بورڈ اور بعد میں وزیراعظم نواز شریف دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈیوائسز پالیسی کے نام سے آلات کی نئی پرائسنگ پالیسی مکمل کرلی ہے جس میں سٹنٹ کی درآمدی قیمت میں منافع کی شرح زیادہ سے زیادہ پچاس فیصد تک مقرر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چالیس ہزار سے بیالیس ہزار میں درآمد ہونے والا سٹنٹ تریسٹھ سے پنسٹھ ہزار‘ پچاس ہزار تک درآمد ہونے والا سٹنٹ زیادہ سے زیادہ اسی ہزار تک فروخت کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

ڈسٹری بیوٹرز کے کسٹم ریکارڈز اور درآمدی قیمت کے ریکارڈ پر سٹنٹ کی قیمت مقرر ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پچاس فیصد منافع میں ڈاکٹروں و ہسپتالوں کی فیس ‘ ڈسٹری بیوشن چارجز سمیت تمام دفتری ٹرانسپورٹ اور مارکیٹنگ اخراجات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت تیس ہزار میں درآمد ہونے والا سٹنٹ اب پنتالیس ہزار سے لے کر سنتالیس ہزار میں فروخت ہوگا۔

نئی پالیسی کے تحت ڈسٹری بیوٹرز اب چار سے پانچ فیصد منافع ہی کما سکے گا۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے پالیسی بورڈ اس پرائسنگ پالیسی کی منظوری دے گا جس کے بعد یہ معاملہ کابینہ یا وزیراعظم نواز شریف کے پاس بھیجا جائے گا۔ حکام کے مطابق درآمدی اور لوکل آلات دونوں کے لئے منافع کی پالیسی ایک جیسی ہوگی۔ سٹنٹ کی طرح بیلون‘ کیھٹرز اور دوسرے آلات کی بھی یہی پرائس پالیسی ہوگی ان کا اطلاق منظوری کے بعد ہوگا

متعلقہ عنوان :