میں مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگ کے پرچم میں ہی دفن ہوں گا، جاوید ہاشمی

بدھ 1 مارچ 2017 15:21

میں مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگ کے پرچم میں ہی دفن ہوں گا، جاوید ہاشمی
ملتان ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) کسی کو شک وشبہ میں نہیں ہونا چاہیے ،میں مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگ کے پرچم میں ہی دفن ہونگا۔سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے چیف آرگنائزر سابق وفاقی وزیر کنور قطب الدین خان اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری محمد اشرف قریشی سے خصوصی ملاقات کے موقع پرآج یہاں بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان ایک اہم دوراہے پر کھڑا ہے تمام سیاستدانوں اور مقتدر قوتوں کو ملک کی سلامتی او ر ترقی ،عوام کی خوشحالی کیلئے اہم فیصلے کرنے ہونگے۔

اس وقت عوام اورعام سیاسی کارکن پریشانی کاشکارہیں۔سیاسی کارکنوں کی نرسریاں ختم ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ،اگر عمران خان اچھا لیڈر ہوتاتو آج ملک میں بہت مثبت تبدیلی آچکی ہوتی ۔

(جاری ہے)

میری نئی کتاب عنقریب مارکیٹ میں آنے والی ہے جس میں بہت سے اہم انکشافات ہونگے۔اس موقع پر کنور قطب الدین نے کہاکہ پاکستان کی بقاء،سلامتی اور اس کی ترقی سب سے پہلی ترجیح ہے ۔

میں پیرپگاڑا کی ہدایت پر ملک بھر کی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کررہاہوں تاکہ آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کی تیاری کے ساتھ ساتھ مسلم لیگی کارکنوں کو متحرک بھی کیا جاسکے ۔بعد ازاں کنور قطب الدین نے سینئر مسلم لیگی اور نامور سیاسی شخصیت مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی اور سابق وفاقی وزیر سید تنویر الحسن گیلانی سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :