ہائیکورٹ بار نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی/ آپ کا دور سنہری تھا ‘عامر سعید راں

بار کے نومنتخب جنرل سیکرٹری کی قیادت میں وکلا کے وفد کی مسلم لیگی قائدین سے ملاقات، ہمیشہ وکلا کا ساتھ دینگے‘ مونس الٰہی

بدھ 1 مارچ 2017 14:38

ہائیکورٹ بار نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی/ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری عامر سعید راں نے سینئر وکلا کے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے۔

مسلم لیگی قائدین نے بار کے نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ وفد میں احمد اویس ایڈووکیٹ، آدم سعید راں، عاکف طاہر، عبد الرضا خان، حامد اکرم، شیراں ظفر، محمد اشفاق عامر اور نیئر جمال ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار نے قومی اور عوامی اہمیت کے معاملات میں ہمیشہ اپنا فعال رول بڑے مثبت انداز میں ادا کیا ہے، انصاف کی بروقت فراہمی میں وکلا برادری اپنا کردار بڑے احسن طریقے سے ادا کرتی آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہر معاملہ میں وکلا برادری کی رائے کو بڑی اہمیت دی ہے اور وہ آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ عامر سعید راں جو پاکستان مسلم لیگ لائرز ونگ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بھی ہیں نے مسلم لیگی قائدین سے دلی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا دور سنہری تھا جس میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود کے علاوہ عام اور غریب آدمی کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے مثالی اور مؤثر اقدامات کیے گئے جن میں تحصیل سطح تک بار ایسوسی ایشنز کیلئے سالانہ گرانٹ کی بلاامتیاز فراہمی، پنجاب کریمنل پراسکیوشن سروس کا قیام، وکلا کالونیوں اور وکلا برادری کیلئے مفت علاج اور آپریشن کی سہولتیں، تمام اضلاع میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر، تمام سرکاری محکموں میں لیگل ایڈوائزرز کی تعیناتی اور کنزیومر کورٹس کا قیام بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :