مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت ہم کامیابی و کامرانی کی طرف گامزن ہے ،ْ سردار یوسف

آپریشن ردالفساد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کر کے دم لے گا ،ْ انٹرویو

بدھ 1 مارچ 2017 13:55

مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت ہم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت ہم کامیابی و کامرانی کی طرف گامزن ہے ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آج یکم مارچ کو ہونے والی اقتصادی تعاون تنظیم میں دنیا کے بہت سارے اہم ممالک نے شرکت کی ہے جو یہ جانتے ہیں کہ پاکستان خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہتا تھا لیکن اس کی یہ سازش ناکام بنا دی گئی ہے اور سی پیک کی وجہ سے پورے ریجن میں پاکستان کی بہت اہمیت ہو گئی ہے اور اس ریجن کے تمام ممالک نے اسے تسلیم بھی کیا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلم ممالک میں پاکستان کی ایک اہم پوزیشن ہے اور اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں جہاں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ہے وہاں پاکستان کیلئے مزید راستے بھی کھول دئیے ہیں اور انشااللہ پاکستان معاشی طاقت بھی بنے گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف یہ کہتے رہے ہیں کہ انشااللہ پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر ہو گا جس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک دن ضرورایشیاء کا ٹائیگر ہوگا، انہوں نے کہا کہ مخالفت کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا بھر میں پاکستان کو ایک اہم اہمیت حاصل ہے اور ہمارے مخالفین کو سوائے ناکامی کے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا، سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے ہمیشہ مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور گزشتہ 3دہائیوں سے 5ملین کے لگ بھگ اپنے افغان بہن بھائیوں کی میزبانی بھی کر رہا ہے جو یہ واضح کرتا ہے کہ ہم ایک مستحکم اور پرامن افغانستان کے حامی ہیں لیکن بھارت افغانستان کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پورے خطے میں امن چاہتا ہے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے، آپریشن ردالفساد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کر کے دم لے گا، پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والے ناکام ہوں گے اور ہم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے میں کامیاب ہوں گے کیونکہ ہماری پوری قوم، حکومت اور ہماری مسلح افواج سب ایک پیج پر متحد ہیں اوربزدل دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔