وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی مدت ملازمت 28 فروری کو پوری، نئے محتسب اعلیٰ کی تعیناتی تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے

بدھ 1 مارچ 2017 13:38

وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی مدت ملازمت 28 فروری کو پوری، نئے محتسب اعلیٰ ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی مدت ملازمت 28فروری کو پوری ہوگئی ہے وہ نئے محتسب اعلیٰ کی تعیناتی تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مطابق وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے 2013ء میں یہ منصب سنبھالنے کے فورا ًبعد وفاقی محتسب میں اصلاحات پر توجہ دی اور پارلیمنٹ سے ایک نیا قانون منظور کرایا جس کے تحت ہر شکایت کا فیصلہ ساٹھ دن میں لازمی قرار دیا گیا جبکہ اس سے قبل کوئی ٹائم فریم نہیں تھا ‘آٹھ دس سال کی شکایات التواء میں پڑی تھیں ،ان کی تعداد 75ہزار کے لگ بھگ یھی جن کو فوری طور پر نمٹایا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ محتسب کے نئے قانون کے تحت صدر پاکستان کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا فیصلہ نوے دن میں کر دیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی سربراہ مملکت کو پابند نہیں کیا گیا ۔ وفاقی محتسب کو اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے سول عدالتوں کے اختیارات حاصل ہیں ۔انہوں نے مزیدبتایا کہ انہوں نے تین سال کے دوران تین لاکھ گیارہ ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کیے ہیں اور روز مرہ کی شکایات نمٹانے کے ساتھ ساتھ اداروں کے نظام کی اصلاح کیلئے انیس کمیٹیاں قائم کی ہیں جن میں ملک کی نامور شخصیات اور اپنے شعبوں کے ماہرین شامل ہیں ۔

ان کمیٹیوں نے بڑی محنت سے رپورٹیں تیار کر کے قابل عمل سفارشات حکومت کو بھجوائی ہیں ‘اگر ان پر عملدرآمد ہو جائے تو سرکاری اداروں کا نظام کافی حد تک بہتر ہو جائے گا ۔وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی کوششوں سے نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ اور کامسٹ کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے جس کے تحت دونوں ادارے ملک کی مختلف جیلوں میں قید بچوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب نی2016سے شکایات کے فوری ازالہ کیلئے ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رکھا ہے ‘جس کے تحت پہلے پندرہ دن میں فیصلے کیے جا رہے تھے ‘اب ہم نے اس کا دائرہ پورے ملک کے 138اضلاع اور 435تحصیلوںتک بڑھا دیا ہے ۔وفاقی محتسب کے افسران تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر خود جا کر شکایات سنتے ہیں اور ایسی ہر شکایت کا فیصلہ صرف25دن میں کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے 181سرکاری اداروں میں شکایات کے ازالہ کیلئے نئے نظام کا آغاز کر دیا جس کے تحت کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے خلاف شکایت کو ابتدائی طور پر اسی محکمے میں وفاقی محتسب کا مقرر کردہ افسر شکایات ڈیل کرے گا اور پندرہ دن میں شکایت کا ازالہ نہ ہونے کی صورت میں وہ شکایت خود کار کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سسٹم پر آ جائے گی،وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مطابق وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی قیادت میں وفاقی محتسب موئثر ادارہ بن کر سامنے آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :