حکومت سے مذاکرات طے پانے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سروسز ہسپتال میں آٹھ روز سے جاری ہڑتال ختم کر دی

کچھ مطالبات مان لئے گئے ہیں،مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے ، میڈیا کو باضابطہ آگاہ کرینگے‘ صدر ینگ ڈاکٹرز

بدھ 1 مارچ 2017 13:15

حکومت سے مذاکرات طے پانے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سروسز ہسپتال میں آٹھ روز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) حکومت سے مذاکرات طے پانے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سروسز ہسپتال کے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سمیت دیگر شعبوں میں آٹھ روز سے جاری ہڑتال ختم کر کے علاج معالجہ بحال کر دیا ۔ ینگ ڈاکٹرزنے سروسز ہسپتال میں اینٹی کرپشن کے چھاپے کے خلاف 20فروری سے ہڑتال شروع کی تھی جبکہ اس کے ساتھ ایک بیڈ ایک مریض اور مفت ادویات کی فراہمی کے مطالبات بھی دوبارہ شامل کر لئے تھے ۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز کی سروسز ہسپتال میں مسلسل آٹھ روز تک ہڑتال کے باعث ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں علاج معاملے کی سہولیات میسر نہ آ سکیں ۔ ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ روز تمام شعبوں میں ہڑتال ختم کر کے کام شروع کر دیا جس سے مریضوں نے بھی سکھ کا سانس لیا ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر معروف وینس نے بتایا کہ محکمہ صحت نے کچھ مطالبات مان لئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے جس میں مریضوں کے حقوق کی بات کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوئے بلکہ حکومت سے مذاکرات طے پانے کے بعد عارضی طور پر ہڑتال کا فیصلہ واپس لیا ہے۔حکومت سے جو بھی مذاکرات ہوں گے اس بارے میڈیا کو باضابط آگاہ کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :