پاکستان نے ٹیلی کام کے شعبے میں فقیدالمثال ترقی کا مظاھرہ کرنے پر عالمی اعزاز ’’جی ایس ایم اے گورنمنٹ لیڈر شپ ایوارڈ برائی2017‘‘ حاصل کر لیا، یوارڈ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے وصول کیا

بدھ 1 مارچ 2017 12:06

پاکستان نے ٹیلی کام کے شعبے میں فقیدالمثال ترقی کا مظاھرہ کرنے پر عالمی ..
بارسلونا ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) پاکستان نے ٹیلی کام کے شعبے میں فقیدالمثال ترقی کا مظاھرہ کرنے پر عالمی اعزاز "جی ایس ایم اے گورنمنٹ لیڈر شپ ایوارڈ برائی2017 " حاصل کر لیا ۔ یہ ایوارڈ اسپین کے شہر بارسلونا میں جاری ورلڈ موبائیل کانگریس کی ایک پروقار تقریب میں دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے یہ ایوارڈ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے وصول کیا۔

پچھلی ایک دھائی میں پاکستان کو پہلی دفعہ اس عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ جی ایس ایم اے گورنمنٹ لیڈر شپ ایوارڈ،عالمی سطح پر پاکستان کی ٹیلی کام پالیسیوں کا اعتراف اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں پر بین الاقوامی ٹیلی کام کمیونٹی کے اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

_پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ نے گذشتہ تین سالوں میں بے مثال ترقی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں پاکستان کو ٹیلی کام کے شعبے میں ملنے والا یہ دوسرا عالمی ایوارڈ ہے۔انوشہ رحمان نے کہا کہ یہ عالمی ایوارڈ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی،پی ٹی اے،فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ سمیت ہماری پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ٹیلی کام پالیسیوں کے اعتراف اور پاکستان کی موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار کرنے پر جی ایس ایم اے اور گلوبل ٹیلی کام کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :