لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ دوسری ٹیم کے بارے میں تین مارچ کو فیصلہ ہوگا

بدھ 1 مارچ 2017 11:01

لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا،کوئٹہ ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) پانچ مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پشاور زلمی کی ٹیم کو پلے آف میں شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ دوسری ٹیم کے بارے میں بھی تین مارچ کو فیصلہ ہوگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چار غیرملکی کرکٹرز کی فائنل میں شرکت ممکن نظر نہیں آرہی ۔

انہوں نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب لاہور نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پانچ مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا۔ان کرکٹرز میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز اور نیوزی لینڈ کے نیتھن مک کلم شامل ہیں۔کیون پیٹرسن پہلے پلے آف کے فوراً بعد انگلینڈ روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جنوبی افریقہ کیرائلی روسو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لاہور جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے چار کھلاڑی کے لاہور نہ جانے کے بعد اب فائنل کے لیے اس فہرست میں سے غیرملکی کرکٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کے سپرد کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کرنے والے تین غیرملکی کمنٹیٹرز بھی لاہور نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور فائنل کی کمنٹری ٹیم رمیز راجہ، بازید خان اور وقاریونس پر مشتمل ہوگی۔وقاریونس پی ایس ایل کے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز کی کمنٹری ٹیم میں شامل نہیں تھے۔