ای سی او سربراہ کانفرنس میں تمام رکن ممالک کی اعلیٰ قیادت کی شرکت ایک سنگ میل ہے، حقیقت پسندانہ اور ٹھوس تنظیمی اہداف کی شکل میں آگے بڑھنے کیلئے وژن 2025ء کی بنیاد رکھ دی گئی ہے،رابطوں اورتجارت میں اضافہ اور اقتصادی تعاون میں فروغ ہمارے خطے کو ترقی ، خوشحالی اور امن کا مرکز بنا دے گا،یقین ہے کہ ای سی او بہت جلد اہم علاقائی اقتصادی بلاک بن جائے گا،

وزیراعظم محمد نوازشریف کا اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ویڈیو پیغام

منگل 28 فروری 2017 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ای سی او سربراہ کانفرنس میں تمام رکن ممالک کی اعلیٰ قیادت کی شرکت ایک سنگ میل ہے، حقیقت پسندانہ اور ٹھوس تنظیمی اہداف کی شکل میں ہمارے آگے بڑھنے کیلئے وژن 2025ء کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ رابطوں اورتجارت میں اضافہ اور اقتصادی تعاون میں فروغ ہمارے خطے کو ترقی ، خوشحالی اور امن کا مرکز بنا دے گا۔

یقین ہے کہ ای سی او بہت جلد ایک اہم علاقائی اقتصادی بلاک بن جائے گا، انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج 13ویں ای سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے،اپنے خوبصورت ملک میں آنے والے تمام معزز مہمانوں کا گرم جوشی سے خیرمقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سربراہ کانفرنس کا موضوع علاقائی خوشحالی کیلئے رابطوں کا فروغ ای سی او کو وسیع تر اقتصادی تعاون اور عوام کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے مشترکہ خوشحالی کے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سربراہ اجلاس 1992ء میں 7نئے ارکان کی طرف سے ای سی او شامل ہونے کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے اور یہ موقع اپنے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تنظیم کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی کوششیں تیز کرنے کا بھی متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ کانفرنس میں منظور ہونے والا اعلان اسلام آباد خطے کے عوام کی خواہشات کی عکاسی کرے گا۔ ای سی او ممالک سلک روڈ ورثے کے کسٹوڈین ہیں اور پاکستان اپنی بندرگاہوں کے ذریعے ای سی او ممالک کو رابطہ فراہم کرکے خوشی محسوس کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کا خطہ قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت اور بیش قیمت انسانی دولت سے مالا مال ہے اور ہماری مشترکہ ثقافت اور تاریخی ورثہ ایک قابل قدر اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی طاقت میں اضافے کے ذریعے ہم اپنے خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں، حقیقت پسندانہ اور ٹھوس تنظیمی اہداف کی شکل میں ہمارے آگے بڑھنے کیلئے وژن 2025ء کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ای سی او بہت جلد ایک اہم علاقائی اقتصادی بلاک بن جائے گا۔

متعلقہ عنوان :