کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، اس میں بسنے والے جفاکش لوگ پاکستان کا معاشرتی اثاثہ ہیں۔ ڈی جی رینجرز سندھ

منگل 28 فروری 2017 22:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس میں بسنے والے جفاکش لوگ پاکستان کا معاشرتی اثاثہ ہیں جن کی خدمات ہر شعبے میں قابل قدر ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز کی آمد پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران نے ان کا استقبال کیا اور انڈسٹری کے اغراض و مقاصد و کارکاردگی کے حوالے سے ڈی جی رینجرز کو آگاہ کیا۔ میجر جنرل محمد سعید نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان رینجرز سندھ امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ چیمبر کے ممبران نے ڈی جی رینجرز سندھ کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ جرائم پیشہ افراد اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔