پنجاب حکومت کی ہدایت پر صوبے میں زرعی فصلات سے جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے 4 سے 12مارچ تک ویڈ اریڈی کیشن ویک منایا جائے گا

منگل 28 فروری 2017 22:31

فیصل آباد۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) پنجاب حکومت کی ہدایت پر پورے صوبے میں زرعی فصلات سے جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے 4 تا 12مارچ ویڈ اریڈی کیشن ویک منایا جا رہا ہے جس میں فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے خاتمے کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے ضلعی و تحصیل سطح پر آگاہی سیمینار اور کھیت سے جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائیگا۔

سیکرٹری زراعت محمد محمود کی سربراہی میں تمام متعلقین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کی سفارش پر ڈائریکٹر آئی پی ایم پنجاب ڈاکٹر شیر محمد شراوت کی طرف سے جاری کی گئی نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب جڑی بوٹیوں کے موثر خاتمے کیلئے صوبے کے تمام اداروں کو متحرک کرتے ہوئے نچلی سطح پر کسانوں کو جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے مہم کا ہراول دستہ بنائے گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ فصلوں میں جڑی بوٹیاں نہ صرف ذرخیز زمین ‘ قیمتی پانی اور کھادوں پر خرچ ہونے والے کثیرسرمایہ کو ضائع کر رہی ہیں بلکہ اس سے ہونے والا پیداواری نقصان اور اجناس کی کوالٹی پر اُٹھنے والا سوال بھی کسان کی معاشی حالت کی بہتری میں اہم رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کو ابتدائی سطح پر ہی کنٹرول کر لیا جائے تو نقصان کی شرح کو کم کیا جا سکتا ہے تاہم اس اہم مرحلے پر معمولی کوتاہی نہ صرف پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے بلکہ زرعی اجناس کی کوالٹی کو بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت ماضی کی طرح آئندہ برسوں کے دوران بھی تمام متعلقہ اداروں کی شراکت سے ویڈکنٹرول مہم کو مزید توانائی سے آگے بڑھائے گی تاکہ اسے صوبائی سطح پر زرعی ترقی کے پروگرام کا باقاعدہ حصہ بنایا جا سکے۔ یونیورسٹی کے شعبہ ایگرانومی میں زیرتعلیم طلباء و طالبات کے مابین فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے خاتمے کیلئے نئے آئیڈیاز سامنے لانے اور ان کے پیداواری نقصانات جیسے موضوعات کا احاطہ کرنے کیلئے پوسٹر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔

پوسٹر مقابلوں میں دی ایگریرین کلب کے پلیٹ فارم سے عروشہ فہیم نے پہلی ‘ ماہ نور بیگ نے دوسری اور محسن علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ یونیورسٹی اوپن سے اظہر علی نے پہلی‘ حفصہ طاہر نے دوسری اور ثناء نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد اولکھ نے مہم کے دوران ضروری مطبوعہ مواد پوسٹرز‘ بروشرز اور معلوماتی کتابچے بھی کسانوں کے حوالے کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس مہم کے دوران 11اور 12مارچ کو جڑی بوٹیوں کے نقصانات کا شعور ُاجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ ‘ سیمینار اور فصلوں سے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :