پنجاب بھر میں سرچ ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں ، آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا

منگل 28 فروری 2017 23:19

پنجاب بھر میں سرچ ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں ، آئی ..
لاہور۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں سرچ ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں اور تمام اضلاع میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے اضلاع میں حساس علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ڈی پی اوز ، ایس پیز اور سرکل افسروں کی نگرانی میں کومبنگ آپریشنز کیے جائیں تاکہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے گرد زمین تنگ کی جاسکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب کے تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی آئی ٹی شاہد حنیف ، ڈی آئی جی سکیورٹی ہمایوں بشیر تارڑ ، اے آئی جی فنانس غازی صلاح الدین، اے آئی جی مانیٹرنگ عبد الغفار قیصرانی ، بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے ساتھ ہر پہلو کو مد نظر رکھا جائے اور تمام اضلاع بالخصوص لاہور میں کومبنگ اور سرچ آپریشنز پر بطور خاص توجہ دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تعلیمی اداروں بالخصوص مخلوط نظام تعلیم والے اداروں ، مارکیٹوں ، بازاروں ، پارکوں ، ہسپتالوں ، عدالتوں اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کے اردگرد اور نواحی علاقوں میں ایس پیز کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جائیں لیکن اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مساجد ، امام بارگاہوں بالخصوص اقلیتوں کی دینی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی پر خاص طور پر فوکس کیا جائے۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور، تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور دینی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کیو آر ایف کے تمام انچارج اپنے علاقے کے تعلیمی اداروں اور دینی عبادت گاہوں کے منتظمین سے قریبی رابطہ رکھیں اور دونوں کے پاس ایک دوسرے کے موبائل نمبر ہوں تاکہ خدا نخواستہ کسی بھی ہنگامی صورت میں ایک دوسرے سے باآسانی رابطہ کے ذریعے دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں ، دینی عبادت گاہوں اور اہم تنصیبات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، چار دیواری اور وینٹج پوائنٹ کی تعمیر کوہر قیمت پریقینی بناتے ہوئے اس بات پر خاص توجہ دی جائے کہ وینٹج پوائنٹ میں سنتری اسلحہ لے کر موجود ہو اور جو شخص سنتری ڈیوٹی کرے، اس کا اسلحہ نہ صرف صیحح کام کررہاہوبلکہ وہ فائرنگ کا بھی تجربہ رکھتا ہوتاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں اپنے اسلحہ کے استعمال سے دشمن کا بخوبی مقابلہ کرسکے ۔

آئی جی پنجاب نے ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران افسران کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس بات پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے کہ سرکل افسر اور ایس ایچ اوز اپنے علاقے کے تعلیمی اداروں ، دینی عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات اور تنصیبات کی سیکورٹی کیلئے تعینات کی گئی نفری اور سیکورٹی انتظامات کو روزانہ کی بنیاد نہ صرف چیک کریں بلکہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو حالات کی سنگینی اور ڈیوٹی کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ بھی دیں ۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور اور دیگر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے فرائض جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںجذبہ حب الوطنی اور لگن سے فرائض ادا کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ثابت کرنا ہے کہ پنجاب پولیس ہر طرح کے حالات اور چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یکم مارچ سے تھانوں میں روزنامچہ اور ایف آئی آر کے کمپیوٹر پر اندراج کو ہر صورت یقینی بنائیں اور سی سی پی او، آر پی اوز اور ڈی پی اوز اس بات کا بطور خاص خیال رکھیں کہ متعلقہ ایس پیز تھانوں کے خود دورے کرکے نہ صرف اس عمل کی مانیٹرنگ کریں بلکہ اہلکاروں کو اس کی افادیت کے حوالے سے آگاہی بھی دیتے رہیں ۔

متعلقہ عنوان :