ایس ایس یو کے 15 کمانڈوز نے بحریہ اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر سے تربیت مکمل کرلی

منگل 28 فروری 2017 23:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے 15 کمانڈوز نے نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر (NSOTC )سے 8 ہفتوں کی انسداد دہشت گردی کورس کی تربیت مکمل کرلی۔این ایس اوٹی سی میں ونگ ایوارڈکی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد نے ایس ایس یو کے اہلکاروں کو پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے تربیت فراہم کرنے پراسپیشل سروس گروپ نیوی کاشکریہ اداکیا۔

کمانڈنٹ نے کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے لیے قابل فخرہے کہ اسپیشل سروس گروپ نیوی کی جانب سے ایس ایس یو کے اہلکاروں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئی تاکہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو مثر انداز میں ناکام بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

مقصود احمد نے مزید کہا کہ ایس ایس یوکے اہلکاروں کو جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے کاوشیں کی جارہی ہیں تاکہ ملک میں امن وامان میں خلل ڈالنے والے دہشت گردوں کے خلاف مثر انداز میں کاروائی کی جاسکے۔

کمانڈنٹ نے کہا کہ ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T ) ٹیم ایس ایس یو میں قائم کی گئی ہے اورنیوی کے تربیتی سینٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت کی وجہ سے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی ۔