سند ھ حکومت کا صوبے کے دور دراز علاقوں میں سولر ولیج الیکٹریفیکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 28 فروری 2017 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نی چین کے تعاون سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں سولر ولیج الیکٹریفیکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے انہوں نے کراچی میں متعین چین کے قونصل جنرل وانگ یو سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک اجلاس منعقدکیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے ولیج الیکٹریفیکشن کے لئی2 بلین روپے کی اے ڈی پی میں اسکیم رکھی ہے ۔

اور رواں مالی سال میں 500ملین روپے مختص کئے ہیں ۔ چین کے قونصل جنرل نے کہا کہ انکی حکومت نے سندھ کے دیہی علاقوں کے لئے سولر پینلز کی فراہمی کے لئے ابتدائی طور پر 80,000ڈالر مختص کئے ہیں انہوں نے فنی تعاون اور ایک بار کام شروع ہونے کے بعد مالی مدد میں اضافے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ انہوں نے ایک پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت وہ دیہات جو کہ نیشنل گرڈ سے دور ہیں کوسولر پینل فراہم کئے جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ میں سولر انرجی کے ذریعے دیہی علاقوں میں ہر گھر کو روشن دیکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کاچھو ، کوہستان اور دیگر علاقے جہاں پر بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے وہاں پر بجلی فراہم کی جائیگی اور اس سے وہاں کے لوگوں کا معیار زندگی تبدیل ہوجائیگا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں کا موسم خشک ہے اور موسم گرما کے دوران سورج کی شعائیںزیادہ دیر رہتی ہیںاور حتٰی کے موسم سرما میں بھی کافی حد تک سورج کی روشنی رہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے کوشاں ہوں ۔

اور اسکے فوائد صوبے کے غریب لوگوں تک پہچانا چاہتا ہوں ۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن ، پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات ) محمد وسیم موجود تھے جبکہ چین کے قونصل جنرل کے ساتھ ان کی معاون ٹیم بھی ہمراہ تھی۔