قیام پاکستان کی طرح تکمیل پاکستان کیلئے بھی قوم کو جانی و مالی قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا ،خوشحال پاکستان مہم ملک میں اسلامی پاکستان کی راہ ہموار کرے گی ،جماعت اسلامی جمہوریت اور نظریہ پاکستان کی ترجمان جماعت ہے

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، ذکر اللہ مجاہد ودیگر کا -"خوشحال پاکستان"کنونشن "سے خطاب

منگل 28 فروری 2017 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی طرح تکمیل پاکستان کیلئے بھی قوم کو جانی و مالی قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا ، جماعت اسلامی ایک نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے جو اللہ کے دین کو غالب کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دفتر جماعت اسلامی لاہور خوشحال پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کنونشن میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جنرل جماعت لاہو رانجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، علاقائی امراء محمد شفیق ملک ، حاجی ریاض الحسن ، چوہدری محمد شوکت ، خلیق احمد بٹ ، احمد سلمان بلوچ ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد و د ودیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خوشحال پاکستان کیلئے تمام عوامی طبقات کو مل کر کوشش کرنا ہوگی اور قیام پاکستان کیلئے جس طرح ہمارے بزرگوں ، نوجوانوں ، بچوں اورعورتوں نے اپنی قربانیاں دیں اسی طرح تکمیل پاکستان اور خوشحال پاکستان کیلئے بھی عوام کو جانی و مالی قربانی دینا ہوگی کیونکہ ملک پر کرپٹ اور بددیانت چند خاندان قابض ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے تمام سیاسی پارٹیوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے لیکن سوائے عوام کا خون چوسنے کے کچھ نہیں کیا ۔ جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو ملک میں نہ صرف حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے بلکہ ملک کو ایک سر سبز اور خوشحال بنا سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں عوام حیران کن حد تک جماعت اسلامی کی قیادت کے حق میں اعتماد کا اظہار کریں گے ۔

کنونشن سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ خوشحال پاکستان مہم ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرے گی ،کرپشن ، ناانصافی اور لاقانونیت نے غریب اور امیر کے طبقات کو جنم دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اسلامی نظام کے نفاذ ہی سے خوشحال پاکستان وجود میں آئے گا ۔2018ء کے الیکشن ملک میں بڑی تبدیلی کا باعث بنیں گے ۔ نظریہ پاکستان کے مطابق اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کیلئے تمام عوامی طبقات کو مل کر کوشش کرنا ہوگی اس کے لیے مسائل کو صرف جماعت اسلامی کی دیانت دار اور باصلاحیت قیادت ہی حل کر سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی امید وں کا محوراور مرکز ہے اور ہم آئندہ انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے اور امید ہے کہ عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے گی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزاء ، ارکان اسمبلی اور لیڈر شب کا دامن کرپشن سے پاک ہے ، جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت اور نظریہ پاکستان کی ترجمان جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے گلی ، محلوں میں ---"خوشحال پاکستان " مہم کی کامیابی کیلئے رائے عامہ کو ہموار کریں اور عوامی سطح پر عام فرد تک جماعت اسلامی کا منشور کو پہنچائیں ۔انہو ںنے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک میں واحد جمہوری، سیاسی اور دینی جماعت ہے جو ملک کے تمام مسائل کے حل کے لیے ایک نڈر اور مخلص قیادت رکھتی ہے ۔