اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کیلئے مشترکہ اعلامیہ کو حتمی شکل دیدی گئی

منگل 28 فروری 2017 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء)اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کیلئے مشترکہ اعلامیہ کو حتمی شکل دیدی گئی ،سفارشات کونسل منسٹرز کے 22ویں اجلا س میں مرتب کی گئیں۔منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے کونسل منسٹرز کا22ویں اجلا س کی صدارت مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کی جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، نمائندوں اور خصوصی مبصرین نے شرکت کی ، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بطور مہمانان خصوصی اجلاس میں شرکت کی ، اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حلیل ابراہیم نے ای سی او سیکرٹریٹ کی نمائندگی کی ۔

اجلاس میں گزشتہ کونسل وزراء کے اجلاس سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ای سی او کے سیکرٹری جنرل اجلاس کو ای سی او سیکرٹریٹ کی جانب سے حالیہ سرگرمیوں اور مختلف شعبوں میں بشمول تجارت، سرمایہ کاری ، مواصلات ، زراعت ، تحفظ خوراک ، توانائی ، ماحولیات اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا ۔اجلاس میں ای سی او وژن 2025کو منظور کیا گیا ۔

اجلاس میں ای سی او کے تیرہویں اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں ای سی او کی توسیع سے اب تک کی جانے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور علاقائی تعاون کے حوالے سے پیدا ہونے والی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ضروری اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس نے ای سی او کے 13 ویں سربراہ اجلاس کے لئے اسلام آباد ڈیکلریشن کی بھی منظوری دی ۔

اعلامیہ میں خوشحالی کے لئے روابط کے تھیم پر فوکس کیا گیا ہے اور رکن ممالک کے درمیان روابط ، تجارت ، ٹرانسپورٹ ، توانائی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی توجہ دی گئی ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے علاقائی معاشی فروغ کیلئے عزم کا اظہار کیا اور تنظیم کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا عزم کا اظہار کیا ۔ (وخ)