پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان ، مارچ کیلئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 71 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ 52 پیسے فی لٹر اضافہ

منگل 28 فروری 2017 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرنے کا اعلان کیاہے، مارچ کے مہینے کیلئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 71 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ 52 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 73 پیسے اور 66 پیسے کے معمولی اضافہ کے ساتھ 44 روپے فی لٹر مقرر کر دی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے منگل کو میڈیا گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 2.96 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.18 روپے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 17.25 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10.94 روپے فی لٹر اضافہ کی تجویز دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ایک سال کے دوران خام تیل کی قیمت میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت نے یہ بوجھ خود برداشت کیا ہے اور گذشتہ تین ماہ کے دوران پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا ہے تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے حکومت نے 90 ارب روپے کا خسارہ برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل عام آدمی کے استعمال کی مصنوعات ہونے کے باعث ان کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تاہم اب قیمتوں کا پیسے کی بجائے روپے میں تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس لئے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے 44 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق مارچ کے پورے مہینے کیلئے ہو گا اور اس دوران اوگرا کی تجویز کردہ قیمتیں لاگو نہ کرنے کی بناء پر حکومت کو 3 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی۔ مارچ کے مہینے کیلئے پٹرول کی قیمت 73 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 82 روپے فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 44 روپے فی لٹر ہو گی۔