حیدرآباد ڈویژن میں مردم اور خانہ شماری 2017 کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 28 فروری 2017 21:40

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) حیدرآباد ڈویژن میں مردم اور خانہ شماری 2017 کے سلسلے میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ساجد جمال ابڑو کی زیر صدارت ان کے دفتر میں مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف امور پر غور کیا گیا اس موقع پر ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ڈویزن میں مردم اور خانہ شماری دو مراحل کے تحت کی جائے گی جس کے تحت پہلے مرحلے میں صرف ضلع حیدرآبادمیں 15مارچ سے مردم اور خانہ شماری کی جائے گی جبکہ دورسرے مرحلے میں حیدرآباد ڈویژن کے باقی 8 اضلاع میں 25 اپریل سے مردم اور خانہ شماری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مردم اور خانہ شماری ایک اہم قومی کام ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہچانے کے لیے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ڈویژن میں مردم اور خانہ شماری کے دونوں مراحل میں تمام علاقوں میں جانیوالی ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ڈویژن کے اندر ضلع سطح پر سکیورٹی، عملے کیلئے رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹیشن کے علیحدہ تخمینے کے پلان بھی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس قومی مقصد کو کامیاب بنانے کیلئے ڈویژنل، ضلعی اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کرنے کے علاوہ ضلعی اور تعلقہ سطح پر ٹیمیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مضبوط روابط قائم کرکے مردم اور خانہ شماری کے قومی کام کو کامیاب بنایا جائے گااجلاس کے دوران کمشنر حیدرآباد ڈویژن ساجد جمال ابڑو نے نادرا افسران کو ہدایت کی کہ وہ مردم اور خانہ شماری شروع ہونے سے قبل ڈویژن کے اندر تمام 18 سال تک عمر کے افراد کے شناختی کارڈ بنانے والے کام میں تیزی لائیں اور اس ضمن میں تمام افراد کے فارم پر کرنے اور درستگیوں میں ان کی مدد کریں جبکہ نادرا مراکز پر کام کومزید تیز کرنے اور تمام علاقوں میںنادرا موبائیل وینز روانہ کرنے کے سلسلے کو مزید تیز کرتے ہوئے پسماندہ علاقوں میں ٹیموں کو بھیجاجائے اور اس ضمن میں تمام معلومات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور میڈیا کو بھی دی جائے تاکہ تمام لوگوں کے شناختی کارڈ بنانے کو یقینی بنایا جاسکے اگر اس ضمن میں نادرا کو مزید عملے کی ضرورت ہو تو متعقلہ ضلعی انتظامیہ انہیں فراہم کریگی انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ تعلقہ سطح پر کوآرڈنینشن اجلاس طلب کرکے سیکیورٹی عملے کے لیے رہائش اور ٹرانسپورٹ پلان تیار کریں انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ مردم اور خانہ شماری اور سیکیورٹی عملے کی رہائش کے انتظامات کے لیے امتحانات کے مراحل کو بھی مد نظر رکھا جائے اور ان تعلیمی اداروں میں رہائش رکھی جائے جہاں امتحانات جاری نہ ہوں اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے پہلے مرحلے کے تحت ضلع میں 15مارچ سے ہونیوالی مردم اور خانہ شماری کے متعلق کئے جانیوالے انتظامات کے متعلق کمشنر کو بریفنگ دی اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر حیدرآباد سید سجاد حیدر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حیدرآباد غلام مرتصیٰ میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا حیدرآباد ، اسٹیٹیکل افسر حیدرآباد ، کینوٹمینٹ افسر حیدرآباد ، اسسٹنٹ سینسز کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرہیڈکوارٹر ،حیدرآباد ضلع کے سٹی، لطیف آباد ، قاسم آباد اور حیدرآباد دیہی کے اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ دیگر مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔