سندھ کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو ماہانہ وظیفہ فوری طور پر ادا کیا جائے،ڈاکٹر آغا تاج محمد

منگل 28 فروری 2017 21:40

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر آغا تاج محمد نے اپنے ایک بیان میں حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ سندھ کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو ان کا ماہانہ وظیفہ فوری طور پر ادا کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ بدین کی جانب سے ڈاکٹرز کے ساتھ کی جانے والی بد سلوکی کا نوٹس لیا جائے انہوں نے مزید کہاکہ دیگر صوبوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ز کو ماہانہ 65ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جارہاہے لیکن اس کے برعکس سندھ میں 14ماہ سے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ز کو نہ تو پرانے حساب سے وظیفہ دیا جارہاہے اور نہ ہی اس وظیفہ میں کوئی اضافہ کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک جانب ہسپتالوں میں ادویات کی کمی اور جدید آلات و سہولتیں دستیاب نہیں ہیں تو دوسری جانب پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ز جو کہ جانفشانی کے ساتھ مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اس کے باوجود بھی ان کے ساتھ ظلم یہ ہے کہ انہیں ملنے والا ماہانہ45ہزار روپے کا وظیفہ بھی 14ماہ سے نہیں مل رہاہے جس کی وجہ سے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ز سخت مالی و ذہنی اذیت اور تکلیف میں مبتلا ہیںانہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صحت سمیت سیکرٹری صحت سندھ سے مطالبہ کیا کہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ز کو فوری طور پر دیگر صوبوں کی طرح ماہانہ 65ہزار روپے وظیفہ دیا جائے اور 14ماہ کے بقایاجات ا دا کئے جائیں جبکہ بدین کے ہسپتال میں ضلعی انتظامیہ بدین کی جانب سے ڈاکٹرز کے ساتھ کی جانے والی بد سلوکی کا فوری نوٹس لیا جائے ،بصورت دیگر پی ایم اے ان کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ ملکر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :