ملک میں جمہوریت کا قیام اور اس کی مضبوطی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے‘گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

پاکستان کی ادویہ ساز صنعت نہ صرف ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہی ہے‘ عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہے‘ حکومت اس شعبے کی کارکردگی اور اس میں موجود ترقی کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے‘وفود سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 23:06

ملک میں جمہوریت کا قیام اور اس کی مضبوطی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے‘گورنر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ڈرگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرمحمد اختر بٹ کی قیادت میں پاکستان کیمسٹس اور ڈرگ ایسوسی ایشن کے 19رُکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئر مین پی سی ڈی اے پنجاب زاہد بختاوری ، چیئر پی سی ڈی اے راولپنڈی چوہدری عمران رشید، جاوید حنیف ، اسلم زیدی، شیخ عبدالجبار ، حاجی ارشد چوہدری، نصار محمد، شیخ نوید اور دیگر افراد موجود تھے۔

ورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ادویہ ساز صنعت نہ صرف ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہی ہے بلکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کی کارکردگی اور اس میں موجود ترقی کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل اور اس سے منسلک دوسرے شعبوں کو ریگولیٹ کرنے کا مقصد اس سیکٹر کو فعال کرنا اور اس میں موجود کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرنا ہے۔

گورنر نے کہا کہ جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا جس سے اس شعبے سے وابستہ بہتر لوگوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو اس سیکٹر کے مسائل اور اس میں موجود بہتری کے امکانات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سینیٹر چوہدری سعود مجید کے ہمراہ آئے ہوئے ممبر قومی اسمبلی مہر اشتیاق ، صوبائی وزیر پنجاب برائے لوکل گورنمنٹ منشاء اللہ بٹ اور مسلم لیگ(ن) کے کوارڈینیٹر سید ادریس شاہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک میں جمہوریت کا قیام اور اس کی مضبوطی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والے بلدیاتی نظام عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں جس سے ان کی معیار زندگی میں یقینابہتری آئے گی ۔

گورنرنے کہا کہ پاکستانی عوام ملک میں ترقی و خوشحالی دیکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی اور بہتری کی جا نب اُٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقی کے ثمرات ایسی آبادیوں تک پہنچا دیئے ہیں جہاں کبھی ترقیاتی کاموں کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں میگاپراجیکٹس پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے وہاں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کی نہ صرف خود نگرانی کریں گے بلکہ انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہی رکھی جائے گی۔